پشاور(جنگ نیوز)حکومت خیبرپختونخوا کے محکمہ خوراک نے آٹے کے بحران سے متعلق حالیہ منفی میڈیا رپورٹنگ میں صوبے بھر میں فراہمی متاثر ہونے کے تاثر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ کے سرکاری ریکارڈ کے مطابق نومبر کے پہلے نصف میں صوبے کے مختلف اضلاع میں خاطر خواہ مقدار میں آٹے کی تقسیم جاری رہی۔محکمہ خوراک کی مجموعی تقسیم رپورٹ کے مطابق یکم سے 15 نومبر 2026ء کے دوران عوام کو مجموعی طور پر 28,477.14 میٹرک ٹن آٹا، یعنی 20 کلوگرام کے 14 لاکھ 23 ہزار 857 تھیلے فراہم کیے گئے۔ یہ اعداد و شمار صوبے بھر میں حکومت کے زیرِ انتظام آٹے کی فراہمی اور تقسیم کے نظام کے مسلسل فعال رہنے کی عکاسی کرتے ہیں۔محکمہ کے ریکارڈ کے مطابق زیرِ جائزہ مدت کے دوران آٹے کی تقسیم کے نظام میں 320 فلور ملز اور 4,878 ڈیلرز شامل رہے۔ اس عرصے میں 34,832.92 میٹرک ٹن گندم جاری کی گئی، جس سے 25,961.87 میٹرک ٹن آٹا تیار ہوا، جبکہ ڈیلرز کو 26,590.79 میٹرک ٹن آٹا فراہم کیا گیا۔