پشاور(نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے سبزی فروش کی مبینہ غیر قانونی حراست، جھوٹے مقدمے میں نامزدگی اور 42 ہزار روپے نقدی سمیت موبائل فون ضبط کرنے کے الزامات پر سربراہِ پشاور پولیس کو شفاف اور جامع تحقیقات کرانے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے درخواست پر تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پشاور پولیس کے سربراہ خود یا کم از کم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کے عہدے کے کسی اہل، دیانت دار اور فرض شناس افسر کے ذریعے معاملے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائیں درخواست گزار ملتان نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ان کے بھتیجے اشرف خان کو پولیس اہلکاروں نے 27 اپریل کو غیر قانونی طور پر حراست میں لیا، جسے 18 مئی 2026ء تک غز، ترناب فارم، ہندکو دامان، ناردرن بائی پاس اور مچنی پل پولیس چوکیوں میں رکھا گیا۔درخواست گزار کے مطابق دورانِ حراست ان کے بھتیجے سے 42 ہزار روپے نقدی اور موبائل فون بھی ضبط کیا گیا، جبکہ 28 اپریل کو ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، جس میں بعدازاں ضمانت منظور ہوگئی دوسری جانب تھانہ چمکنی کے ایس ایچ او نے تحریری جواب میں الزامات کی سختی سے تردید کی عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ فریقین کے مؤقف اور تحریری جوابات سے حقائق کے حوالے سے متنازع سوالات پیدا ہوتے ہیں، جن کا تعین مناسب تحقیقات کے بغیر ممکن نہیں عدالت نے تحقیقاتی افسر کو ہدایت کی کہ فریقین کے بیانات قلمبند کیے جائیں، انہیں اپنا مؤقف پیش کرنے کا منصفانہ موقع دیا جائے اور کسی خوف، رعایت یا بیرونی اثر کے بغیر قانون کے مطابق نتائج مرتب کیے جائیں تحقیقات 30 روز کے اندر مکمل کرکے جامع رپورٹ ایڈیشنل رجسٹرار (جوڈیشل) کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔