• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عائشہ نے اینیمل نیوٹریشن میں پی ایچ ڈی مکمل کرلی

پشاور(جنگ نیوز)زرعی یونیورسٹی پشاور کی باصلاحیت اسکالر ڈاکٹر عائشہ نے اینیمل نیوٹریشن (Animal Nutrition) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری کامیابی سے مکمل کرلی۔ انہوں نے یہ تحقیقی مقالہ اپنے سپروائزر پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد خان کی زیرِ نگرانی مکمل کیا، جس کی توثیق پاکستان، ترکی اور چین کے ممتاز پروفیسرز نے کی۔ڈاکٹر عائشہ نے اپنے تحقیقی مقالے بعنوان "Bioprocessing of Maize Stover with White Rot Fungi into Nutritionally Enriched Ruminan Feed" کا کامیابی سے دفاع کیا۔ دفاعی سیمینار کے دوران انہوں نے شرکاء کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کے مدلل جوابات دیے اور اپنی تحقیق کا مؤثر انداز میں دفاع کیا۔اس موقع پر قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سرزمین خان (فل برائٹر) اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن نے ڈاکٹر عائشہ اور ان کے سپروائزر پروفیسر ڈاکٹر نذیر احمد خان کو اس اہم علمی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عائشہ نے مسلسل محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے معیاری تحقیقی کام سرانجام دیا ہے، جس کے مثبت نتائج زراعت اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کیلئے مفید ثابت ہوں گے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تحقیق کو محض کتابوں اور الماریوں کی زینت بنانے کے بجائے عوامی اور قومی مفاد کے لیے عملی طور پر بروئے کار لایا جائے تاکہ اس کے ثمرات عام لوگوں، بالخصوص کسانوں تک پہنچ سکیں۔ انہوں نے طلباء پر بھی زور دیا کہ وہ علم و تحقیق کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں اور نئے تخلیقی آئیڈیاز کے ذریعے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب میں ڈائریکٹر ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر محمد ساجد، چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر محمد طاہر، فیکلٹی ممبران اور دیگر اسکالرز نے بھی شرکت کی اور ڈاکٹر عائشہ اور ان کے سپروائزر کو مبارکباد پیش کی۔ شرکاء نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر عائشہ کی تحقیق کسانوں، مویشی پال حضرات اور لائیو اسٹاک کے شعبے کیلئے سودمند ثابت ہوگی۔ اس موقع پر ڈاکٹر عائشہ نے اپنے شوہر، سینئر صحافی سید اسد علی شاہ، اساتذہ کرام اور اہلِ خانہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی حوصلہ افزائی، رہنمائی اور تعاون نے ان کے اس علمی سفر کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
پشاور سے مزید