پشاور(جنگ نیوز)چیئرمین اتفاق کڈنی اینڈ جنرل ویلفیئر ہسپتال عبد الحمید گورواڑہ نے ثمر ہارون بلور کی بطور مشیر اطلاعات اور جوہر نگار کی بطور مشیر صحت تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے صوبے کے لیے اعزاز قرار دیا ہے۔اپنے ایک بیان میں عبد الحمید گورواڑہ نے کہا کہ دونوں شخصیات کی اہم صوبائی ذمہ داریوں پر تعیناتی ایک خوش آئند اقدام ہے۔ انہوں نے ثمر ہارون بلور کو دخترِ پشاور قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ثمر ہارون بلور نے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں اور عوامی وابستگی کا اظہار کیا ہے، امید ہے کہ وہ بطور مشیر اطلاعات صوبے میں مثبت صحافتی ماحول، مؤثر اطلاعاتی پالیسی اور عوام و حکومت کے درمیان رابطوں کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گی۔انہوں نے مشیر صحت جوہر نگار کی تعیناتی کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحت کا شعبہ خصوصی توجہ کا متقاضی ہے۔ صوبے میں عوام کو معیاری اور سستی طبی سہولیات کی فراہمی، سرکاری ہسپتالوں کی بہتری اور غریب و مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی مشیر صحت اس حوالے سے مؤثر اقدامات کریں گی۔عبد الحمید گورواڑہ نے کہا کہ اتفاق کڈنی اینڈ جنرل ویلفیئر ہسپتال گزشتہ 27 سال سے دکھی انسانیت کی خدمت اور نادار و مستحق مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے میں مصروفِ عمل ہے۔ ہسپتال کا بنیادی مقصد ایسے افراد کی مدد کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث مہنگا علاج کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے۔