کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ بالخصوص کراچی اور دیگر شہری علاقوں کے پُرامن شہریوں کو خون میں نہلانے کی دھمکی دینا انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے، پیپلز پارٹی کی تاریخ اسٹیبلشمنٹ سے فائدہ اٹھانے، اپنے سیاسی مفادات کے لیے جمہوریت کا گلا گھونٹنے سے بھری پڑی ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے نام پر فسطائیت کا مظاہرہ کیا ہے اور اقتدار کے حصول اور اس کے مزے لوٹنے پر اس کا زور رہا ہے، ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 1970کے انتخابات میں عوامی لیگ کی اکثریت کے باجود اسمبلی اجلاس ڈھاکہ میں جانے والوں کو ٹانگیں توڑنے کی دھمکی بھی ذوالفقارعلی بھٹو نے ہی دی تھی، پیپلز پارٹی 18سال سے صوبہ سندھ میں اقتدار پر قابض، اس نے کراچی سمیت پورے سندھ کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، 2008 سے 2013تک آصف علی زرداری صدر مملکت رہے، اس دوران ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کی اتحادی تھی ، کراچی میں 10ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، ایم کیو ایم کی ملی بھگت سے کراچی کے تمام اداروں پر قبضہ کیا گیا۔