کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ و سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ موجودہ بحرانی کیفیت کا عوام سے رائے لینے میں کوئی حرج نہیں۔بلاول خون کی ندیاں بہانے کی بات کر رہے ہیں جبکہ بعض لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ کراچی کے 83 فیصد عوام نئے صوبوں کے حق میں ہیں ۔بہتر یہی تھا اس بحث کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جاتا، نئے صوبوں کے مسئلے کا حل ریفرنڈم میں ہے معاملہ جتنا متنازعہ بنا دیا گیا ہے اس کا حل عوام کی رائے لینے میں ہی ہے ۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں یہ مواد بھی چلا یا گیا کہ جرگہ ٹیم پروگرام میں محترمہ فرح کے حوالے سے گفتگو پر ان کا موقف لینے کے لئے رابطے میں ہے وہ پروگرام کے بعد بھی اپنا موقف دینا چاہیں تو جرگہ کا پلیٹ فارم حاضر ہے۔