لاہور( نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نئے صوبوں سے پہلے سول سروس اسٹرکچر میں تبدیلیوں کے لئے ہوم ورک مکمل ہے، انہوں نے کہا کہ صوبوں کا حجم چھوٹا کرنا اسی وقت فائدہ مند ثابت ہو سکتا ہے جب اس سے قبل سول سروس، انتخابی نظام اور مقامی حکومتوں میں بنیادی اصلاحات کی جائیں اور اطلاعات ہیں کہ حکومت نے اس کیلئے سول سروس اسٹرکچر میں تبدیلیوں اور اصلاحات کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا ہے۔خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی سائٹ پر جاری بیان میں وفاقی حکومت، اپوزیشن جماعتوں اور مقتدرہ پر زور دیا کہ وہ شارٹ کٹس ترک کر کے طرز حکمرانی اور نظام کی اصلاح کیلئے طویل المدتی منصوبہ بندی پر عمل درآمد کریں۔خواجہ سعد رفیق نے اپنے بیان میں کہا کہ ”اطلاعات کے مطابق وفاقی حکومت نے سول سروس کے ڈھانچے میں بنیادی تبدیلیوں اور اصلاحات کے لیے احسن اقبال کی سربراہی میں اپنا ابتدائی کام کافی حد تک مکمل کر لیا ہے، جبکہ انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کی بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے۔“انہوں نے وفاقی حکومت سے درخواست کی کہ یہ دونوں اقدامات جلد از جلد مکمل کیے جائیں اور انتخابی اصلاحات کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کو لازماً اعتماد میں لیا جائے۔سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ دیگر معاملات پر اپنا اختلافی مؤقف برقرار رکھتے ہوئے قومی مفاد کی قانون سازی میں آزادانہ حصہ لیں اور اس موقع کو ضائع نہ ہونے دیں۔مقامی حکومتوں کے نظام پر بات کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے مطالبہ کیا کہ میئر کے براہ راست انتخاب اور مالی خود مختاری کے ساتھ ایک بااختیار بلدیاتی نظام تشکیل دیا جائے اور امن و امان سمیت تمام ضلعی محکموں کی کمان اور کنٹرول مقامی حکومتوں کے سپرد کیا جائے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کی شکایت کرنے والی سیاسی جماعتوں کو محض نعرے لگانے، نظام کو عارضی بنیادوں پر چلانے اور ایک دوسرے کی مخالفت کرنے کے بجائے خود اصلاحات کا جامع پیکج سامنے لانا چاہیے، اور وہ اس حوالے سے اپنی تجاویز اعلیٰ ترین حکومتی سطح پر بارہا پیش کر چکے ہیں۔سیاسی قیادت کے معیار کے حوالے سے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سیاست اور پارلیمانی اداروں کو تعلیم یافتہ، مہذب، دیانتدار، نظریاتی اور تربیت یافتہ متوسط طبقے کی قیادت درکار ہے، جس کے لیے موقع پرست اور اقتدار کے خواہش مند الیکٹیبلز پر مبنی سرمایہ دارانہ سیاست سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا۔چھوٹے صوبے بنانے کے خواہش مند مقتدر حلقوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر وہ واقعی اصلاح چاہتے ہیں تو باری باری مختلف شخصیات کو رہنما بنانے، سیاسی جماعتوں کے درمیان اقتدار کی تبدیلی یا مارشل لا لگانے کے بجائے طریقہ انتخاب میں تبدیلی لانے، انتخابی عمل کو سستا اور شفاف بنانے اور باصلاحیت تعلیم یافتہ متوسط طبقے کو قومی قیادت کے مواقع فراہم کرنے پر کام کیوں نہیں کرتے،سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اپنی ہی بنائی ہوئی عمارتوں کو بنانے اور گرانے پر توانائی صرف کرنے کے بجائے انتخابات، طرز حکمرانی، سول سروس کی تنظیم نو، عدالتی اصلاحات، سستے اور فوری انصاف کے نظام اور پالیسی سازی میں تعلیم یافتہ متوسط طبقے کی شمولیت زیادہ مؤثر اور پائیدار نتائج دے سکتی ہے۔