کراچی (ٹی وی رپورٹ) سابق صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے بیرسٹرگوہر، سلمان اکرم راجا، اسد قیصر، محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو چارج شیٹ کرتے ہوئے انہیں عمران خان کی رہائی میں رکاوٹ قرار دیدیا، بیرسٹر سیف نے کہا کہ بعض رہنما ذاتی بغض اور تعصب کی بنیاد پر دوسروں کو آگے جانے سے روک رہے ہیں، میڈیا میں مخصوص چہرے ہی نمایاں دکھائی دیتے ہیں، ایک دوسرے پر الزامات سے پارٹی کو کمزور کیا، سہیل آفریدی لانگ مارچ کیلئے سنجیدہ نہیں تھے، عمران کھوسہ ملاقات روکنے کی بھی کوشش کی گئی، اسٹیبلشمنٹ سے رابطے کا مطلب یہ نہیں کہ تنخواہ دار ہوں، نئے صوبوں کیلئے ریفرنڈم ہونا چاہیے،سندھ کی عوام کا بڑا طبقہ ریفرنڈم کا حامی، کراچی حق میں فیصلہ دے سکتا، محسن نقوی کوشش نہ کرتے تو بشریٰ بی بی کا علاج نہیں ہوتا، بانی پی ٹی آئی کو سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر گوہر پر اعتماد نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام ”جرگہ“ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق صوبائی وزیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے اپنی پارٹی میں حیثیت اور کردار کے حوالے سے اٹھائے جانے والے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کون ہیں، اس کا بہتر جواب بانی پی ٹی آئی دے سکتے ہیں، جو پہلے ہی اس حوالے سے اپنی رائے دے چکے ہیں۔ جو لوگ مجھےتعصب، نفرت اور ذاتی عناد کی عینک سے دیکھتے ہیں، وہی میری حیثیت پر سوال اٹھاتے ہیں۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ کابینہ میں میری شمولیت بانی پی ٹی آئی نے کرائی تھی اور 9 مئی کے بعد سے علی امین گنڈاپور کی حکومت کے خاتمے تک وہ پارٹی کے اہم ذمہ دار عہدوں پر فائز رہے۔ انہوں نے مشکل حالات میں پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں بھی ادا کیں۔ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے سب سے زیادہ ملاقاتیں بھی انہوں نے کیں، جبکہ پارٹی کارکنوں، بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو ان پر اعتماد ہے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کو بعض افراد کی نااہلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسیر کارکنوں کے اہل خانہ آج بھی ان سے رابطہ کرکے اپنے پیاروں کے بارے میں معلومات اور ملاقاتوں کے لئے مدد طلب کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کے ایک اہم رہنما کے گھر سے بھی انہیں فون آیا کہ متعلقہ معاملے کا پتا کرکے رابطے کی کوشش کریں۔پارٹی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ موجودہ حالات میں بیرسٹر گوہر کو پارٹی کی قیادت اور تنظیم کو موٴثر انداز میں آگے بڑھانا چاہئے۔ تحریک انصاف کو ایسے رہنما کی ضرورت ہے جو اپنے نظریے اور سخت موقف پر ثابت قدم رہے اور وقت آنے پر مشکل فیصلے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض رہنما پارٹی میں ذاتی بغض اور تعصب کی بنیاد پر دوسروں کو آگے آنے سے روک رہے ہیں، جس کے باعث میڈیا پر بھی چند مخصوص چہرے ہی نمایاں دکھائی دیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا کی ذمہ داری پارٹی کو منظم، متحد اور فعال بنانا ہے، لیکن وہ عملی طور پر یہ کردار ادا کرتے دکھائی نہیں دیتے۔ پارٹی کے اندرونی اختلافات اور ایک دوسرے پر الزامات کی سیاست نے تحریک انصاف کو سیاسی طور پر کمزور کیا ہے۔بیرسٹر سیف نے محمود اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کے سیاسی کردار اور کریڈیبلٹی پر بھی سوالات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ان رہنماوٴں کی حمایت کی ضرورت نہیں بلکہ پہلے انہیں اپنی سیاسی حیثیت ثابت کرنی چاہئے۔ ان کا الزام تھا کہ محمود اچکزئی بانی پی ٹی آئی اور ان کی جماعت کے ساتھ ماضی کے معاملات کا بدلہ لے رہے ہیں، جبکہ علامہ راجا ناصر عباس نے پاراچنار میں کشیدگی کے دوران مقامی آبادی کے درمیان موجود ہونے کی بجائے اسلام آباد میں سیاسی سرگرمیوں کو ترجیح دی۔