• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہالا، حیدرآباد (نامہ نگار، بیورو رپورٹ) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے، صدر آصف زرداری کا ایک بیٹا ہے، بلاول بھٹو زرداری اور یہاں انہی کی بات چلے گی، بلاول بھٹو زرداری بےنظیر صاحبہ کا بیٹا ہے، اسلام آباد جانے پر اُن کا سافٹ ویئر اپڈیٹ کرنے والی باتیں بےتکی ہیں، سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، پی پی ریفرنڈم سے نہیں گھبراتی، صوبے کے معاملے پر ایک وفاقی وزیر نے شوشا چھوڑ دیا جس کو سب پکڑ کر بیٹھے ہیں، کراچی کے اردو بولنے والے بھائیوں نے فیصلہ دیدیا کہ سندھ کی تقسیم نہیں ہوگی، سندھ میں نئے صوبے کبھی بھی نہیں بنیں گےسندھ ایک تھی اور ایک رہے گی بلاول بھٹو زرداری جو فیصلہ کرے گا وہی ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قاسم آباد میں لائبریری کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب اور مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر بشیر میمن کے رہائش گاہ ماشاء اللہ ہاؤس ہالا میں انکے اہلیہ کی وفات پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں جاری باتیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبوں کے بارے میں ایک وفاقی وزیر کی طرف سے صرف شور شرابہ پھیلایا گیا تھا جسے حقیقت کا روپ دینا درست نہیں ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ریفرنڈم سے بھی نہیں گھبراتی کیونکہ سندھ کے عوام کا موقف واضح ہے۔ ہم آئین کی بات کرتے ہیں اور آئین میں جو باتیں درج ہیں انہیں کسی کی خواہش پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ سندھ کی وحدت، آئینی حیثیت اور عوام کی رائے کا احترام کرنا ضروری ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان میں نئے صوبے کے قیام کا طریقہ کار واضح ہے جس کےلئے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی دو تہائی اکثریت ضروری ہے‘ ریفرنڈم کے معاملے پر گھبرانے کی ضرورت نہیں کیونکہ آئین کی متعلقہ شق میں ایسا کوئی طریقہ کار موجود نہیں اگر ریفرنڈم کی بات کو عملی شکل دی گئی تو ہم عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صوبے کا بیڑا غرق کردیا ہے لیکن اگر ایسا ہوتا تو عوام ہر انتخابات میں پیپلز پارٹی کو ووٹ کیوں دیتے؟ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزرا‘ کاروباری شخصیات اور بعض دانشوروں کی جانب سے نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق ایک فارمولا پیش کیا گیا ہے جو ایک غیر ضروری بحث کو جنم دے رہا ہے اگر نئے صوبے بنانے ہیں تو آئین میں اس کا طریقہ واضح طور پر موجود ہے اور اس کے لیے اسمبلی میں دو تہائی اکثریت درکار ہے۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ سندھ اسمبلی مختلف ادوار میں متعدد مرتبہ صوبے کی تقسیم کے خلاف قراردادیں منظور کرچکی ہے اور سندھ کے عوام بھی اس معاملے پر اپنا واضح موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ ہیں اور سندھ کی وحدت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اہم خبریں سے مزید