اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کیلئے کاروباری اور زرعی قرضوں کی فراہمی کا عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یوتھ لون اسکیم کے تحت قرضوں کی تقسیم میں مکمل شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستحق نوجوان حکومتی سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں معاشی طور پر خودمختار اور بااختیار بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، حکومت نوجوانوں کو کاروبار، زراعت اور ہنر مندی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ملک بھر کے نوجوانوں کی فلاح و بہبود، انہیں جدید ہنر سے آراستہ کرنے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعظم کو ’’یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم‘‘ کے حوالے سے جامع بریفنگ دی اور اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو کاروباری سرگرمیوں اور زرعی شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے مالی معاونت فراہم کرنے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام نے بتایا کہ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے اور ان کیلئے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے مختلف اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وڑن کے مطابق نوجوانوں کی ترقی، انہیں بااختیار بنانے اور ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کام کیا جا رہا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کے تحت نوجوانوں کو کاروباری اور زرعی قرضوں کی فراہمی کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ نوجوان اپنے کاروبار شروع کرنے اور زرعی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے دستیاب مالی سہولتوں سے بروقت مستفید ہو سکیں۔وزیراعظم نے زور دیا کہ قرضوں کی تقسیم کے تمام مراحل میں شفافیت اور میرٹ کو بنیادی اصول بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ حکومتی وسائل حقیقی طور پر مستحق نوجوانوں تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پروگرام کی کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ اسکے ثمرات براہ راست اہل نوجوانوں تک منتقل ہوں۔