کراچی (نیوز ڈیسک) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور مرکز میں اسکی اتحادی پیپلز پارٹی کے درمیان جاری کشیدگی کے تازہ ترین واقعے میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے بلاول بھٹو کے بارے میں دیے گئے ریمارکس ”ناقابل قبول“ ہیں اور انہوں نے پارٹی کی ”ریڈ لائن“ (حد) عبور کر لی ہے۔ شرمیلا فاروقی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جماعت کے خلاف تضحیک آمیز زبان، بالخصوص چیئرمین بلاول بھٹو کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ ریمارکس، ہمارے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔ یہ ہمارے لیے ایک ریڈ لائن ہے۔ پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے خواجہ آصف کی 19 نومبر کی ایک پوسٹ پر سخت رد عمل دیا ہے؛ اپنی پوسٹ میں خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دو ویڈیو کلپس شیئر کی تھیں۔ پہلے کلپ میں بلاول بھٹو کو پی ٹی آئی اور اس کے بانی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ دوسری کلپ میں جو کراچی پریس کلب میں ان کے حالیہ خطاب سے لی گئی، وہ عمران خان کو "سیاسی قیدی" قرار دیتے ہیں۔ ان دونوں کلپس پر تبصرہ کرتے ہوئے آصف نے ʼایکس پر لکھا "ہمیں یقین تھا کہ نئی نسل ہماری نسل سے بہتر اور زیادہ اصول پسند ہوگی۔ معلوم نہ تھا کہ یہ لوگ بددیانتی کے ماہر نکلیں گے اور اتنی حیران کن تیزی سے اپنے رنگ بدلیں گے۔انکے اس بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے رحمان نے ʼایکس پر لکھا کہ وفاقی وزیرِ دفاع کی جانب سے پیپلز پارٹی اور ہماری قیادت، بلاول بھٹو زرداری کے بارے میں تبصروں کا یہ سلسلہ ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے ʼریڈ لائن (حد) عبور کر لی ہے۔