کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پالئےکستان کے سینئر مرکزی رہنما و وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ گزشتہ 16 سال سے حکمران جماعت پاکستان پیپلز پارٹی جعلی ڈومیسائل کے ذریعے میرے نوجوانوں کا حق مار رہی ہے، نئے صوبوں اور انتظامی یونٹس کا قیام پاکستان کی ترقی، سلامتی اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے ناگزیر ہے، بڑھتی ہوئی آبادی اور بنیادی سہولتوں کی عدم فراہمی ملک کو انتظامی اور معاشی طور پر مفلوج کر رہی ہے، نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے نہ صرف عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے بلکہ علاقائی نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر آئیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کے تمام مظلوم عوام کو ان کا جائز حق دلایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون قبائل موومنٹ کے چیئرمین داؤد جان نظری کی جانب سےشادمان ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد اور جوہر ٹاؤن کے مشترکہ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔