• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصدق ملک کا 3 روزہ دورہ بھارت مکمل، SCO فورم میں پاکستان کی نمائندگی

کراچی (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے سولائزیشنل ڈائیلاگ فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کی۔غالب اور مشترکہ تہذیبی ورثے پر اردو خطاب، مصدق ملک کی تقریر کو بھارتی حلقوں میں پذیرائی،تہذیبی ورثے کے تحفظ کے لیے تین تجاویز، مشترکہ ڈیجیٹل لائبریری اور ثقافتی نیٹ ورک کی تجویز،تاج محل کے دورے کی اجازت کی اطلاعات ، وطن واپس روانگی کے وقت کی تفصیلات نہ آسکیں ۔ تفصیلات کے مطابق مصدق ملک نے اپنے دورے کے دوران انہوں نے بھارتی وزیر ثقافت گجیندر سنگھ شیخاوت سمیت ایران، تاجکستان اور دیگر ممالک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں، جن میں مشترکہ تہذیبی ورثے، ثقافتی روابط اور علاقائی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔21نومبر کو فورم سے اردو میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے غالب، دہلی کی مشترکہ تہذیبی تاریخ اور برصغیر کی ثقافتی ہم آہنگی کا ذکر کیا۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیبوں اور تاریخی ورثے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے ایس سی او ممالک کے درمیان ثقافتی اداروں کا نیٹ ورک قائم کرنے، مشترکہ ڈیجیٹل لائبریری بنانے اور تاریخی مقامات کو موسمیاتی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے تین نکاتی لائحۂ عمل تجویز کیا۔ ان کی تقریر کو بھارتی صحافتی اور بعض سیاسی حلقوں میں بھی پذیرائی ملی۔دورے کے دوران تاج محل اور بعض دوسرے تاریخی مقامات کے دورے کی اجازت کی اطلاعات سامنے آئیں، تاہم ان کے وہاں جانے کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ مصدق ملک نے یہ بھی واضح کیا کہ انہیں بھارتی حکومت کی جانب سے دوطرفہ مذاکرات کی کوئی باضابطہ دعوت نہیں ملی اور وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات بھی طے نہیں تھی۔ 22 نومبر کو فورم کے اختتام کے ساتھ ان کا دورہ مکمل ہوا، تاہم ان کی روانگی کے درست وقت کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
اہم خبریں سے مزید