لاہور/پشاور( این این آئی)پنجاب اور خیبرپختونخوا میں شدید دھند اور حد نگاہ متاثر ہونے کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو بند کردیا گیا ہے۔دھند کی وجہ سے موٹروے ایم 1پر مین ٹول پلازہ پشاور سے رشکی تک ٹریفک کیلئے معطل ہے۔ ایم 2لاہور سے ہرن مینار، ایم 3لاہور سے جڑانوالہ اور ایم 4پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم اور لاہور سیالکوٹ موٹروے ایم 11بھی بند کردی گئی ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس نے کہا کہ موٹرویز کی بندش کا فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور حادثات سے بچا ئوکیلئے کیا گیا ہے، شہری دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور اگر سفر ناگزیر ہو تو دن کی روشنی میں سفر کو ترجیح دیں، دھند کے موسم میں محفوظ سفر کیلئے صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک کے اوقات موزوں قرار دئیے گئے ہیں۔موٹروے پولیس نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ دوران سفر گاڑی کی رفتار کم رکھیں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھیں، لین کی پابندی کریں اور غیر ضروری اوور ٹیکنگ یا اچانک بریک لگانے سے گریز کریں تاکہ دھند کے باعث پیش آنے والے ممکنہ حادثات سے بچا جاسکے۔ترجمان کے مطابق دھند میں سفر کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال ضروری ہے۔