• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیمی اسناد کی تصدیق کا آن لائن نظام یکم جنوری سے شروع ہوگا

کراچی(سید محمد عسکری، اسٹاف رپورٹر)انٹر بورڈز کوآرڈی نیشن کمیشن (آئی بی سی سی) یکم جنوری 2027سے تعلیمی اسناد کی تصدیق کا مکمل آن لائن نظام شروع کرے گا۔ طلبہ آئی بی سی سی کے پورٹل پر درخواست جمع کرا سکیں گے اور تصدیق مکمل ہونے پر اپنی اسناد وہیں سے ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ آئی بی سی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر غلام علی ملاح نے کی۔ نئی سہولت ملک بھر کے 29 امتحانی بورڈز کی جاری کردہ اسناد اور دینی مدارس کی تصدیق کے لئے اہل اسناد کے لئے دستیاب ہوگی۔ طلبہ اپنی درخواست اور مطلوبہ دستاویزات پورٹل پر جمع کرائیں گے۔ آئی بی سی سی درخواست کی جانچ اور منظوری کے بعد الیکٹرانک طور پر تصدیق شدہ دستاویز درخواست گزار کے پورٹل اکاؤنٹ میں فراہم کرے گا۔ اس طرح درخواست گزار اور آئی بی سی سی، دونوں کو دستاویزات بذریعہ کوریئر بھیجنے کی ضرورت ختم ہو جائے گی۔ ایک ہی سند مختلف اداروں میں جمع کرانے کے لئے طلبہ پورٹل سے تصدیق شدہ دستاویز کی ضرورت کے مطابق نقول پرنٹ کر سکیں گے۔ ہر اضافی نقل کے لئے آئی بی سی سی کی الگ تصدیقی فیس ادا نہیں کرنا ہوگی۔ یہ نقول جامعات میں اور بیرونِ ملک استعمال کےلئے، وزارتِ خارجہ کی متعلقہ شرائط کے مطابق، جمع کرائی جا سکیں گی۔
اہم خبریں سے مزید