• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی حکومت سے پینشن حاصل کرنیوالی برصغیر کی آخری خاتون جھڈو میں 108 برس کی عمر میں وفات پا گئیں

جھڈو(نامہ نگار) برطانوی حکومت سے پنشن حاصل کرنے والی برصغیر کی آخری بیوہ خاتون 108 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں، برطانوی حکومت سے پنشن حاصل کرنے والی برصغیر پاک و ہند کی آخری بیوہ خاتون جنت بی بی زوجہ عبدالشکور قائم خانی 108 سال کی عمر میں جھڈو میں انتقال کر گئیں ان کے انتقال کی خبر سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ تفصیلات کے مطابق جنت بی بی 1919ء میں بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جھنجھنو میں پیدا ہوئیں ان کے شوہر عبدالشکور قائم خانی برطانوی فوج کی 17 پونا ہارس رجمنٹ میں سپاہی تھے۔ شوہر کے انتقال کے بعد جنت بی بی کو برطانوی حکومت کی جانب سے بیوہ پنشن دی جاتی رہی اور وہ اپنی زندگی کے آخری ایام تک یہ پنشن وصول کرتی رہیں۔ جنت بی بی کو یہ منفرد اعزاز حاصل تھا کہ وہ برصغیر پاک و ہند کی واحد خاتون تھیں جو برطانوی فوج کے ایک سپاہی کی بیوہ ہونے کی حیثیت سے برطانوی حکومت سے پنشن حاصل کر رہی تھیں۔ مرحومہ جھڈو کے سابق وائس چیئرمین حاجی عمردراز قائمخانی کی والدہ تھیں ان کے انتقال پر عزیز و اقارب، رشتہ داروں اور علاقے کی سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
اہم خبریں سے مزید