• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کے دل کے امراض کے علاج کیلئے خصوصی مشن، دو روز میں 21کامیاب آپریشنز

لاہور (صابر اعوان سے) چلڈرن ہسپتال لاہور میں پیدائشی امراضِ قلب میں مبتلا بچوں کو مفت اور جدید علاج کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے پاکستان چلڈرن ہارٹ فاؤنڈیشن اور ہیومینیٹی فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خصوصی کارڈیک کیتھ لیب مشن جاری ہے، جس کے پہلے دو روز کے دوران 21 بچوں کے دل کے کامیاب طریقۂ علاج مکمل کر لئے گئے، جبکہ پانچ روزہ مشن کے دوران مجموعی طور پر تقریباً 55 بچوں کے علاج کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔23 سے 27 نومبر تک جاری رہنے والے اس مشن کا مقصد ایسے بچوں کو زندگی بچانے والا جدید علاج فراہم کرنا ہے جو پیدائشی طور پر دل کے نقائص کا شکار ہیں اور جنہیں اوپن ہارٹ سرجری کے بجائے کیتھیٹر کے ذریعے کم سے کم مداخلت پر مشتمل علاج کی ضرورت ہوتی ہے۔ پہلے روز 13 بچوں کے دل کے کامیاب آپریشن کئے گئے، جن میں اے ایس ڈی، وی ایس ڈی اور پی ڈی اے کی ڈیوائس کے ذریعے بندش کے علاوہ پلمونری والوولوپلاسٹی شامل تھی۔ دوسرے روز مزید 8 بچوں کا علاج کیا گیا، جن میں وی ایس ڈی اور اے پی ونڈو کی ڈیوائس کے ذریعے بندش جبکہ آر وی او ٹی بیلوننگ کے طریقۂ علاج انجام دیے گئے۔مشن کے تحت پیدائشی امراضِ قلب، پھیپھڑوں اور شہ رگ سے متعلق نقائص کے علاج کیلئے جدید انٹروینشنل کیتھیٹرائزیشن کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
لاہور سے مزید