لاہور (خصوصی رپورٹر)کمشنر لاہور محمد جہانزیب اعوان کی زیر صدارت لاہور ڈویژن ایجوکیشن و ہیلتھ اتھارٹیز کارکردگی جائزہ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی لاہور اور سی ای او ہیلتھ اتھارٹی لاہور نے شرکت کی جبکہ شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ اضلاع کے سی ای اوز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی سی سی او ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سکولز میں سائینس، ٹیکنیکل اور کمپیوٹر لیبارٹریز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر لاہور نے حکومت پنجاب وژن کے تحت اضافی کلاس رومز، واش رومز کی تعمیراتی پراگریس کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ”اساتذہ اور ڈاکٹرز قابل احترام ہیں، تعلیم اور صحت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، طلباء و طالبات ہمارا مستقبل ہیں ان کی صلاحیتیں نکھارنے میں ایک استاد کا کردار کلیدی ہے۔