لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت جنوبی پنجاب میں اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی تیاریوں، انتظامی امور اور شرکاء کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او اربن یونٹ، سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی پھاٹا، بینک آف پنجاب، اخوت اور این آر ایس پی کے نمائندگان نے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، شرکاء کی سہولت اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کو اقوام متحدہ کے ہیبی ٹیٹ کی جانب سے اسکرول آف آنر ایوارڈ ملنا پنجاب حکومت کی عوامی فلاحی پالیسیوں کا عالمی سطح پر اعتراف ہے۔