پشاور(نعمان جان /جنرل رپورٹر) خیبرپختونخوا حکومت نےپشاور میں ذچہ بچہ کیلئے قائم مولوی امیر شاہ میموریل ہسپتال کو کیٹیگری سی سے کیٹیگری ڈی کا درجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں صوبائی وزیرصحت شہرام خان تراکئی عابد مجید اور ڈائریکٹر جنرل صحت پرویز کمال کے ہمراہ ہسپتال کا دورہ کیا، ذرائع کے مطابق دورے کے دوران صوبائی وزیر نے مولوی جی ہسپتال میں پچھلے ڈیڑھ سال سے بند نئی بلڈنگ کو ایک ہفتے کے اندر اندر فعال کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ ہسپتال میں وزیرصحت کی صدارت میں اجلاس بھی ہوا جس میں ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم نے شرکا کو بریفنگ دی۔اس موقع پروزیرصحت کا کہنا تھا کہ مریضوں کو سروس ڈیلیوری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اورصوبے کے عوام کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ہسپتال کو کیٹیگری ڈی کا درجہ دینے اور ہسپتال میں نئے بلاک کوایک ہفتے کے اندرفعال بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیاہےجس کے بعد ہسپتال میں مزید عملے کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ اس حوالے سے وزیرصحت سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔ واضح رہے کہ مولوی جی ہسپتال میں 13سے14کروڑ کی لاگت سے تیار نیا گائنی اینڈ چلڈرن بلاک 108بستروں پر مشتمل ہے جو تقریبا ڈیڑھ سال سے بند پڑا ہے،بلاک میں مردوخواتین ڈاکٹروں اور نرسوں کیلئے علیحدہ ہاسٹل اورجدید آئی سی یوبھی قائم ہے جبکہ نئے بلاک میں جدید مشینری اور آلات استعمال میں نہیں لایا جارہا ہے ۔