شکارپور(نامہ نگار) شکارپور سے تعلق رکھنے والے سندھ کے نامور شاعر سید قاصر نواز شاہ 1999میں اپنے ساتھ ہوئےایک روڈ حادثے میں کمر اور ٹانگوں کی بیماری میں مبتلا ہوگئےجس نے انہیں چلنے پھرنے سے لاچار بنادیا، جو کہ آج کل اپنی بیماری کے باعث انتہائی کسمپرسی کی زندگی بسر کررہے ہیں۔سندھی ،اردو سمیت سات مختلف زبانوں میں شاعری کرنے والے اس شاعر کی تخلیقات کو متعدد گلوکاروں نے گاکر شہرت کی بلندیوں کو چھوا۔ انہوں نے آصف علی زرداری کی قید اور شہید بینظیر بھٹو کی جلاوطنی کے دوران کئی گیت لکھے ۔انہوں نے بتایا کہ دوران بیماری دواؤں پرہر ماہ ان کا ہزاروں روپے کا خرچہ ہوجاتا ہے جو اب ان کے لئے ناقابل برداشت ہے۔انہوں نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزیر برائے ثقافت سردار علی شاہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کا علاج سرکاری اخراجات پر کراکے انہیں روزگار کا موقع فراہم کیا جائے۔