• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاناما اسکینڈل پر مستعفی مالٹا کے وزیراعظم قبل از وقت انتخابات میں دوبارہ منتخب

کراچی (نیوز ڈیسک) پاناما پیپرز کے اسکینڈل کی وجہ سے مستعفی ہونے والے مالٹا کے وزیراعظم جوزف مسکیٹ قبل از وقت کرائے جانے والے الیکشن میں دوبارہ وزیراعظم منتخب ہوگئے ہیں۔ جوزف مسکیٹ کی اہلیہ کا نام پاناما اسکینڈل میں سامنے آیا تھا جس کے بعد سیاسی دبائو میں آ کر انہوں نے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔ لیبر پارٹی سے تعلق رکھنے والے مالٹیز وزیراعظم جوزف مسکیٹ کا کہنا ہے کہ اب واضح ہوگیا ہے کہ لوگ اسی سمت میں آگے بڑھنا چاہتے ہیں جس طرف وہ پہلے بڑھ رہے تھے تاکہ ترقی کی مزید منزلیں طے کی جا سکیں۔ نیشنلسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے اپوزیشن امیدوار سائمن بوسوٹل نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے جوزف مسکیٹ کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح ہم عوام کی رائے کا احترام کرتے ہیں۔ الیکشن کے حوالے سے سرکاری نتائج آنا باقی ہیں لیکن دونوں جماعتوں کے حامی ووٹنگ کے نتائج پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ پاناما میں آئندہ عام انتخابات 2018ء میں ہونا تھے لیکن پاناما اسکینڈل کی وجہ سے پارٹی، اہل خانہ اور سیاسی حلیفوں پر بڑھتے سیاسی دبائو میں آ کر وزیراعظم جوزف مسکیٹ نے قبل از وقت الیکشن کرانے کا اعلان کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا۔
تازہ ترین