• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف نے اعتراف کیا تھا سیکڑوں دہشتگرد امریکا کے حوالے کئے،فرحت بابر

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار) پیپلز پارٹی کےسینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہےکہ حراستی مراکز کی کارکردگی کا تجزیاتی آڈٹ کرواکرزبردستی غائب کئے جانے کو جرم قرار دیا جائے، زبردستی غائب کئے جانے پر بین الاقوامی کنونشن پر دستخط کرکے اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائے اور ریاستی ایجنسیوں کے بارے میں سینیٹ کے مجوزہ بل کوقانون بنایا جائے۔ فرحت بابرنے واضح کیاکہ جنرل مشرف نے اپنی کتاب میں یہ اعتراف کیا ہے کہ اس نے سینکڑوں مبینہ دہشتگرد امریکہ کے حوالے کئے۔ اس کے بعد ایجنسیوں کے زبردستی غائب کئے جانے والے افراد کے کیسوں میں ملوث ہونے میں آسانی ہوگئی اور یہ بیانیہ بن گیا کہ ریاست خود ہی غائب ہونے والے افراد کے معاملے میں شامل ہے۔جمعرات کو اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے سامنے سول سوسائٹی کے مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ مشرف کے اس اعترافی بیان کی تحقیقات حیرت انگیز طور پر غائب ہونے والے افراد کا معاملہ سمجھنے میں معاون ہو سکتا ہے۔ تمام ریاستی ادارے بشمول سپریم کورٹ، پارلیمان اور مرکزی اور صوبائی حکومتیں یہ معاملہ حل کرنے میں ناکام ہوگئی ہیں اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جو لوگ اس فعل میں ملوث ہیں وہ ریاستی اداروں سے زیادہ طاقتور ہیں اور نظر نہیں آتے۔ وہ لوگ جو ریاست کے سکیورٹی بیانیے کو چیلنج کرتے ہیں انہیں خطرہ لاحق ہو جاتا ہے کہ وہ غائب کر دئیے جائیں جبکہ وہ لوگ جو نفرت انگیز تقاریر کرتے ہیں وہ کھلے عام گھوم پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کا ایک شخص رضا بھارت کے ساتھ اور مجموعی طور پر پورے خطے میں امن کیلئے کام کر رہا تھا لیکن بھارت کے ساتھ امن ریاست کا موجودہ سکیورٹی بیانیہ نہیں۔ یہ محض اتفاق ہی ہے کہ رضا نامی یہ شخص پراسرار طور پر غائب ہوگیا۔ فرحت بابر نے کہا کہ ایکشن این ایڈ آف سول پاور ریزولوشن کا قانون 2011ء میں نافذ کیا گیا تھا جو 2008ء تک موثر بہ ماضی تھا جس سے ریاستی اداروں کو ان لوگوں کو سامنے لانے میں مدد مل سکتی تھی جنہیں ایجنسیوں نے بغیر مقدمہ چلائے حراست میں رکھا ہوا تھا۔ ان لوگوں کو حراستی مراکز میں رکھنا تھا اور ان پر کھلی عدالتوں پر مقدمے چلانے تھے تاہم یہ حراستی مراکز ابو غرید کی طرح کی جیلوں میں تبدیل ہوگئے اور وہاں سے کوئی اطلاع نہیں آئی کہ ان مراکز میں کتنے لوگوں کو کتنے عرصے تک قید رکھا گیا، ان پر کیا مقدمات چلائے گئے اور کتنے لوگ حراست کے دوران ہی جاں بحق ہوگئے؟
تازہ ترین