لاہور(نمائندہ جنگ)لاہور ہائی کورٹ اور پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کے زیر اہتمام ماحولیاتی انصاف کے حوالے سے دوروزہ کانفرنس آج مقامی ہوٹل میں شروع ہو گی۔ کانفرنس میں شرکت کےلئے پچاس کے قریب ممالک سے ماہرین اور مندوبین لاہور پہنچ گئے ہیں۔ کانفرنس صبح 8.30 بج شروع ہوگی ۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ افتتاحی خطاب کریں گے۔جن میں سپریم کورٹ آف برطانیہ کے لارڈ کیم وتھ آف نوٹنگ ہل کی پاکستان میں پہلی بار آمد ہوئی ہے۔ ان کے علاوہ اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے انسانی حقوق اور ماحولیات پروفیسر جوہن ناکس سمیت بنگلادیش، میانمار، تھائی لینڈ اور دیگر ایشیائی ممالک کے چیف جسٹس صاحبان اور ججزبھی لاہور پہنچ چکے ہیں۔کانفرنس کے معزز مہمانوں کے اعزاز میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس محمد یاور علی کی جانب سے ظہرا نہ دیا گیا۔ جس میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، لاہور ہائی کورٹ کے سینیر ترین جج جسٹس محمد انوارالحق سمیت دیگر فاضل ججز بالخصوص گرین بنچ ججز نے بھی شرکت کی۔ غیر ملکی مہمانوں کو والڈسٹی کا دورہ بھی کروایا گیا۔ واضع رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے ماحولیاتی فیصلوں کے تناظر میں صاف پانی اور صاف ہوا کی دستیابی بنیادی انسانی حقوق ہیں اور اس حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کی ایک سو پچاس سالہ تاریخ میں بھی ایسے متعدد فیصلے دیئے گئے ہیں، ماحولیاتی ماہرین اور مندوبین دوروزہ کانفرنس کے لاہور میں انعقاد کو خاص نظر سے دیکھ رہے ہیں۔