• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ کا جنون طاری،کراچی میں جشن،رنگ بکھر گئے،فائنل کا انتظار شدید

سپر لیگ کا جنون طاری،کراچی میں جشن،رنگ بکھر گئے،فائنل کا انتظار شدید

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی میں پی ایس ایل جنون بڑھنے لگا، شہری فائنل کے لئے غیرملکی اور پاکستانی اسٹارز کے استقبال کے منتظر ہیں۔ شہر کی سج دھج قابل دید ہے۔

جابجا پھول اور رنگ بکھرے ہوئے، شہرقائد والے اس یادگار موقع کو چار چاند لگانے کیلئے تیار ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا، یونیورسٹی روڈ پر بھی بجلی کے پولز پر کھلاڑیوں کی تصاویر لگادی گئی ہیں، اسٹیڈیم اور اس کے نزدیک کی سڑکوں پر رنگ برنگی روشنیاں جشن کا سماں پیدا کررہی ہیں ۔ وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ نے بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ فائنل کے سیکیورٹی انتظامات قابل تعریف ہیں، تماشائیوں کو ہر سہولت فراہم کی جائے گی۔ پی ایس ایل فائنل کے لئے جو فنڈ جاری کئے گئے تھے اسے درست سمت میں خرچ کیا گیا ہے۔ سیکیورٹی دستے نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف تعینات کردیے گئے ہیں جبکہ نزدیکی علاقوں میں بھی پولیس کا گشت بڑھادیا گیا ہے، شہر قائد میں جگہ جگہ ویلکم بینرز اور کھلاڑیوں کے پوسٹرز لگادئیے گئے۔ کراچی کی اہم شاہراہ شارع فیصل پر کھلاڑیوں کےقدآور پوسٹرز اور خیرمقدمی بینرز لگا دیے گئے ہیں، وہاں سےگذرنے والے گاڑیوں میں سے ان پوسٹر کی تصاویر بنارہے ہیں۔ بعض مقامات پر شہریوں نے گاڑیاں روک قد آور تصاویر کے ساتھ سیلیفیاں بھی بنائی۔ نیشنل اسٹیڈیم روڈ کےدونوں اطراف رنگ برنگے پھول خوبصورت منظرپیش کر رہے ہیں۔ شہر میں کئی مقامات پر ایل ای دی لائٹس لگائی گئی ہیں جس سےرات کےوقت شہر جگمگا رہا ہے، نیشنل اسٹیڈیم کے مرکزی گیٹ کےباہرکی سجاوٹ کا کام بھی آخری مراحل میں ہے۔ پی ایس ایل فائنل کیلئے سیکیورٹی انتظامات بھی مکمل کرلئے گئےہیں، شائقین کیلئےاسٹیڈیم کے دروازے دوپہر12بجے کھلیں گے۔ نیشنل اسٹیڈیم کےاطراف ساڑھے8ہزار پولیس اہلکار اور16سو ٹریفک اہلکار تعینات ہوں گے۔ دریں اثناء فائنل کےلئے نیشنل اسٹیڈیم میں کرکٹ اکیڈمی میں آٹھ بستروں پر مشتمل ایمرجنسی اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ میچ والے دن ہر شخص کو تلاشی کے بعد اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ہوگی۔

تازہ ترین