آمنہ فاروق
عید کے موقعے پر ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ جہاں وہ خود دلکش نظر آئے وہیں اُس کا گھر بھی نکھرا نکھرا اور صاف ستھرا دکھائی دے،اسی لیے اس اہم موقعے پر مہمانوں کی میزبانی اور بہترین خاطر مدارات کا اہتمام کیا جاتا ہے اور ساتھ گھر کی صفائی ستھرائی پر خاص توجہ دی جاتی ہے۔ اگر آپ عید کی آمد سے ایک یا دودن قبل کاموں کی منصوبہ بندی اور چیزوں کو منظم کرلیں تو آپ بھی عید سے بھرپور لطف اندوز ہوسکتی ہیں اور اہل خانہ اور مہمانوں کے ساتھ وقت گزار سکتی ہیں۔یہاں ہم آپ کو کچھ ایسے طریقے بتا رہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھا سکتی ہیں۔
تمام کاموں کی فہرست بنائیں
عید سے ایک ہفتہ قبل تمام کاموں کی فہرست بنائیں۔ فہرست کے مطابق کام نمٹاتی جائیں۔ جو کام ہوجائے اسے فہرست میں سے کاٹ دیں۔
مینو ترتیب دیں
عید کے تینوں دن کا مینو ترتیب دیں۔ اسی حساب سے تمام لوازمات بھی پہلے سے منگوا کر رکھ لیں تاکہ عید پر افراتفری سے بچا جاسکے۔
برتن پہلے سے نکال لیں
عید پر اگر آپ کے گھر میں دعوت ہے ،تو برتن پہلے سے نکال کر انہیں دھو کر رکھ دیں۔ کھانے کے وقت صاف ستھرے برتنوں میں جلدی کھانا سرو ہوسکے گا۔
دعوت کے پیش نظر اگر آپ کو گھر میں فرنیچر کو ترتیب دیناہے، جیسے بیٹھنے کی جگہ بنانی ہے، قالین بچھانے ہیں، فرنیچر آگے پیچھے کرنا ہے تو یہ سب کام عید سے ایک دن پہلے کرلیں۔
صوفوں اور بستروں کے غلاف، چادر، اور پردے بھی ایک یادو دن پہلے تبدیل کرلیں۔
ٹھنڈے مشروبات کا انتظام
گرمی کے موسم میں گھر آئے مہمانوں کو سب سے پہلے ٹھنڈے مشروبات کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس کے لیے بڑی مقدار میں برف جما کر رکھیں تاکہ عین موقعے پر شرمندگی سے بچا جاسکے۔
کھانے کی تیاری کریں
ایک رات پہلے سے ہی کھانے کی تیاری کرلیں۔ مسالہ بنا کر رکھ لیں، پیاز پیس لیں، کباب ایک دن پہلے بنا لیں۔ رائتہ، سلاد بھی رات میں بنا کر رکھا جا سکتا ہے۔
ساتھ ساتھ صفائی کرتی رہیں
کچن میں ہونے کے دوران ہی صفائی کا کام بھی نمٹا لیں خاص طور پر برتن دھو لیں تاکہ برتنوں کا ڈھیر جمع نہ ہو۔گھر کی صفائی ایک ساتھ کرنے کے بجائے کوشش کریں روزانہ ایک یا دو کمروں کی صفائی کرلیں اس طرح روزے کی حالت میں تھکاوٹ سے بچ جائیں گی۔ اگر ملازمہ سے گھر کی صفائی کرانی ہے تو بھی اسی طرح کریں۔ اس پر کام کا بوجھ نہ لادیں۔ اسی طرح کمروں میں پردے وغیرہ لگائیں یا آرائشی اشیاء وغیرہ بھی سیٹ کرتی جائیں تاکہ چاند رات کو صرف جھاڑ پونچھ کےعید کی صبح صفائی کا کوئی کام نہیں کرنا پڑے گا۔
بچوں کے کام نمٹالیں
بچوں کے کام نمٹا کر رکھ لیں۔ ان کے کپڑے، جوتے سب تیار کر کے رکھ دیں۔ اسی طرح صبح ہی بچوں کو تیار کردیں تاکہ وہ آرام سے کھیلتے رہیں۔مہمانوں کے آنے سے پہلے تمام کام نمٹانا سب سے زیادہ ضروری ہے کیونکہ عید مل بیٹھنے اور باتیں کرنے کا بہترین موقعہ ہے۔ مہمانوں کی آمد سے پہلے تمام کام نمٹا کر تیار ہوجائیں تاکہ آپ بھی عید کا صحیح لطف اٹھا سکیں۔
ان طریقوں پر عمل کرکے آپ یقیناً اپنی زندگی کی بہترین عید گزار سکتی ہیں جس میں آپ افرا تفری اور بد نظمی سے بچ سکیں گی۔