عذراالیاس
اگرچہ سجنا سنورنا عورت کا پیدائشی حق سمجھا جاتا ہے لیکن بعض مواقع ایسے ہوتے ہیں جب اس حق کے استعمال کی ضرورت واقعی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ عید بھی ایک ایسا ہی موقع ہے، جب آپ کا تازہ دم، خوب صورت اور شاداب دکھائی دینا ضروری ہوتا ہے، کیوں کہ اس دن آپ کا رشتے داروں، دوست احباب یہاں تک کہ عام جاننے والوں سے بھی ملنا ملانا ہوتاہے۔ ویسے بھی جب ہر طرف ہنستے، مسکراتے اور دمکتے چہرے نظر آ رہے ہوں تو آپ بھلا پیچھے کیسے رہ سکتی ہیں؟ لیکن اگر باروچی خانے کی ذمے داریاں آپ نے سنبھالی ہیں، تو عید کی صبح آپ کو اپنے لیے وقت نکالنا قدرے دشوار ہو سکتا ہے، مگرگھبرائیےنہیں، ہم آپ کو چند ایسے طریقے بتا رہے ہیں جو آپ چاند رات کو ہی مکمل کر لیں تو صبح چہرے کی شادابی بڑھ جائے گی اور آپ کو فائنل تیاری کے لیے زیادہ محنت بھی نہیں کرنا پڑے گی۔ اس سے بھی اچھی بات یہ ہے کہ دوستوں کے ہجوم میں آپ سب سے نمایاں لگیں گی۔
کلینزنگ:
سب سے پہلے چہرے کو کسی اچھے سے فیس واش سے دھو لیں اور پھر تولیے سے خشک کر لیں۔چہرے پر کچھ لگانے سے پہلے بالوں کو اچھے سے ہیئر بینڈ یا کیپ سے کور کر لیں تا کہ بال، کریم وغیرہ کی چپچپاہٹ سے محفوظ رہیں۔اب چہرے پر کلینزنگ مِلک لگائیے اور اوپر سے دو انگلیوں کی مدد سے دائروں کی شکل میں نرمی سے مساج کریں، پھر نیچے سے اوپر کی سمت چاروں انگلیوں سے مساج کریں۔ آنکھوں کے گرد بھی ہلکے ہاتھ سے مساج کرنا ہے۔تھوڑی دیر بعد ٹشو لے کر چہرے پر لگی تمام کریم صاف کر لیں۔ ناک کے کونے وغیرہ اچھی طرح سے صاف کریں اور کانوں کے آس پاس کی جگہیں بھی صاف کر لیں۔ اس طرح تمام میل ٹشو پیپر پر نکل آئے گی۔
اب روئی پر ٹونر لگا کر اس سے چہرے کی صفائی کریں۔ تمام رہی سہی کریم بھی صاف ہو جائے گی پھر دوبارہ چہرے پر معیاری فیشل کریم لگا کر اس کا مساج کریں اور تقریباً 5 سے 7 منٹ تک اسٹیم لیں کہ اچھی طرح سے پسینا نکلے۔ اب چہرے کو نرم تولیے سے خشک کر لیں اور پھر برف سے ٹکور کر لیں۔
ماسک لگائیے:
تمام عمل مکمل کرنے کے بعد ماسک کی باری آتی ہے۔ کسی زمانے میں ماسک گھروں پر ہی تیار کیے جاتے تھے لیکن اب ہر طرح کا ماسک بازار میں مل جاتا ہے، اس لیے جو بھی ماسک آپ کے چہرے کو سوٹ کرتا ہو، لگائیے اور اس دوران آنکھوں پر کھیرے یا آلو کے قتلے لگا کر لیٹ جائیں۔ جب ماسک خشک ہو جائے تو چہرے سے اُتار لیں اور چہرے پر کوئی اچھا سا اسکن ٹانک یا پھر موئسچرائزنگ لوشن لگا لیں۔ اب آپ کاچہرہ تروتازہ ہوگیا ہے، لیکن خوب صورتی صرف صاف چہرہ ہونے کا نام نہیں ہے بلکہ آپ کی گردن ، ہاتھوں اور پیروں کا بھی صاف ستھرا ہونا بہت ضروری ہے۔ اس کے لیے مینی کیور اور پیڈی کیور ضرور کریں۔
پیڈی کیور:
سب سے پہلے ریموور سے نیل پالش اُتار لیں اور ناخنوں کو اچھی طرح صاف کر لیں، اگر ناخن تراشنا چاہیں تو تراش لیں یا پھر نیل فائلر کی مدد سے ناخنوں کو شیپ دے دیں۔ اب نیم گرم پانی میں چند قطرے لیموں کا رس، چند قطرے ڈیٹول اور اتنی ہی مقدار میں شیمپو ڈال دیں۔ اس پانی میں 5 سے 7منٹ تک پیروں کو ڈبوئے رکھیں، پھر برش یا جھانوے سے رگڑ کر مردہ جلد کو اُتار لیں۔ اب پیروں کو پانی سے نکال کر تھوڑی دیر پلاسٹک کی تھیلی میں رکھیں اور پھر تولیے سے خشک کر لیں۔ چند منٹ تک اسی طرح رکھیں پھر کوئی بھی اچھی سی کریم لگا لیں۔
مینی کیور:
اگر نیل پالش لگی ہے تو اسے صاف کر لیں اور ناخنوں کو شیپ دے دیں۔ ہینڈ لوشن لے کر پورے ہاتھوں اور بازوؤں پر لگا کر گولائی میں مساج کریں۔ اب نیم گرم پانی میں لیموں، ڈیٹول، زیتون کا تیل اور شیمپو ملا کر اس میں ہاتھ ڈبوئیں۔ 10منٹ بعد ہاتھ نکال کر تولیے سے خشک کر لیں۔
ہیئر اسٹائل:
رات سونے سے کچھ دیر قبل سر میں نیم گرم تیل کا ہلکا مساج کریں اور ململ کے دوپٹے سے ڈھانپ کر سو جائیں اور صبح سب سے پہلے بالوں میں شیمپو اور کنڈیشنر کریں۔
کنڈیشنر کا طریقہ:
سب سے پہلے بالوں کو شیمپو کر کے دھو لیں اور تمام زائد پانی تولیے میں جذب کر لیں۔ اب کنڈیشنر کو بالوں کی جڑوںسے نوک کی طرف مساج کر یں اور پھر 30سے 60سیکنڈ تک بالوں میں ہی رہنے دیںاور پھر پانی سے سر دھو کر بالوں کو قدرتی طور پر سوکھنے دیں۔
چہرے کا میک اَپ:
عید کے روز زرق برق ملبوسات زیب تن کرنے کے ساتھ چہرے کا پررونق ہونا ضروری ہے،اس کے لیے سلیقے سے کیا جانے والا میک اپ آپ کے حسن کو چار چاند لگا دے گا۔ سب سے پہلے چہرے پر کنسیلر سے نقطے لگائیے اور دونوں ہاتھوں سے چہرہ تھپتھپائیے تاکہ اچھی طرح چہرے میں جذب ہو جائے ،پھر ہلکا سا فاؤنڈیشن لگائیے یا پھر پین کیک سے ہلکا سا ٹچ دے کر تمام جلد کو برابر کر لیں۔ یہ عمل کرتے وقت گردن کو بالکل نظر انداز نہ کریں۔ پانچ منٹ کے لیے چہرے کو چھوڑ دیں اور پھر دوبارہ پین کیک کے پف کو گیلا کر کے نچوڑ لیں اور تمام چہرے کو بلینڈکریں تاکہ کوئی بھی دھبہ نہ رہے۔ اب اس پر فیس پاؤڈر کا ہلکا سا ٹچ دیں، چوں کہ یہ صبح کا وقت ہوتا ہے اس لیے میک اَپ کو ہلکا رکھنا ہی بہتر رہتاہے۔
آئی شیڈ و:
اب پپوٹوں پر زرد رنگ کے چمکدار آئی شیڈو کی بالکل ہلکی سی تہہ لگائیں۔ واضح رہے کہ جس رنگ کے آپ کے کپڑے ہوں، اسی کی مناسب سے میٹ آئی شیڈو استعمال کریں۔
آنکھوں کو نمایاں کرنے کے لیے آنکھوں کے خطوط پر رنگ سے لکیر کھینچیں اور اس گہرے رنگ کو نچلی پلکوں کے نیچے تک لے جائیں اور آنکھوں کے بیرونی گوشوں سے ملا دیں، اگر آپ چاہیں تو ایک وقت میں دو تین لیکن ایک دوسرے سے مطابقت رکھتے ہوئے شیڈز استعمال کر سکتی ہیں۔ اب آئی لائنر کی پتلی سی لکیر کھینچ لیں اور پھر مسکارا کا ایک کوڈ لگائیں۔ جب مسکارا سوکھ جائے تو دوسرا کوڈ لگا کر برش کی نوک سے پلکیں الگ کر لیں۔
بلشر:
اب باری آتی ہے آئی بلشر کی، تو اگر آپ پاؤڈر بلشر استعمال کر رہی ہیں تو اپنے گالوں کو ہلکا سا اندر کی طرف کر لیں اور پھر نیچے سے اوپر کی طرف بلشر لگائیں اور آنکھوں کے کناروں تک لے جائیں۔ اسی طرح اگر آپ کریمی بلشر کر رہی ہیں تو چند ڈاٹس لگائیں اور ہلکا سا مسکرائیں اور بلشر کو انگلی کی مدد سے پھیلا لیں۔
لپ اسٹک:
لپ اسٹک میک اپ میں اہم حیثیت رکھتی ہے۔ آپ جو بھی لپ اسٹک استعمال کریں پہلے برش پینسل کی مدد سے ہونٹوں پر لائن کھینچ لیں، اگر موٹے ہونٹ ہیں تو ذرا سا اندر اور پتلے ہونٹ ہوں تو ذرا سی باہر کی طرف لائن کھینچیں اور پھر صفائی کے ساتھ اندر کی جانب لپ اسٹک لگائیں۔ چاہیں تو ہلکا سا شائنر لگا لیں یا پھر لپ گلوز بھی لگا سکتی ہیں۔ لپ گلوز لپ اسٹک کی خوب صورتی کو چار چاند لگادیتا ہے۔
اب آپ کا میک اپ مکمل ہوگیا،لیکن ہیئراسٹائل کے بغیر تو تیاری ادھوری ہی رہے گی۔
ہیئر اسٹائل:
بالوں کو سلجھا کر سیدھی مانگ نکال لیں۔ اب ماتھے کے اوپر سے دائیں اور بائیںطرف سے دو پتلی چوٹیاں کر لیں ، اگر بال کھلے چھوڑنا چاہتی ہیں تو چھوڑ دیں، ورنہ چوٹی باندھ لیں، اسٹائل تیارہے۔اسی طرح بالوں کا ایک اور انداز اپنا سکتی ہیں،بالوں کو اوپر کر کے گول گھمائیں اور پھر U کی شیپ دیتے ہوئے سر کی طرف موڑیں اور پھر پِن لگا لیں۔ آپ کا اسٹائل ریڈی ہے۔ اسی طرح چند بال سلیقے سے الگ کر کے ذرا سختی سےبالوں کی پونی ٹیل بنالیں۔ اب چھوڑے ہوئے بالوں کی چھوٹی چھوٹی چوٹیاں بنا کر ربڑ بینڈ والے حصے پر فولڈ کر لیں اور نیچے کی طرف پِن سے باندھ لیں۔ اپنی پسند کی جیولری پہن لیں۔ اب آپ لوگوں سے زیادہ پُر اعتماد ہو کر مل سکتی ہیں۔
خوشبو لگائیے:
خواہ آپ کتنی ہی اچھی تیار کیوں نہ ہوئی ہوں، لیکن اگر آپ خوشبو نہیں لگائیں گی تو شخصیت میں جادوئی اثر شاید نہیں آ پائے گا لہٰذا اپنی پسند کے پرفیوم کا زبردست سا اسپرے کریں اور کمرے سے باہر آجائیں۔ بہت سے لوگ آپ کو عید مبارک کہنے اور آپ کو ’’عیدی‘‘ دینے کے منتظر ہوں گے۔