• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
میٹھی عید کے میٹھے پکوان سے کچھ عام،کچھ خاص

سحر افشاں

عید کے خوشیوں بھرے تہوار کے موقعے پر ہر گھر میں خواتین مختلف قسم کے خصوصاًمیٹھے پکوان کا اہتمام کرتی ہیں اورگھر والوں اور مہمانوں کی تواضع انہی لذیذ ڈشز سے کرتی ہیں۔زیادہ تر گھروں میں دعوتوں کا اہتمام کیا جاتا ہے،بچے ،بڑے اور بزرگ غرض ہر ایک کا جوش و خروش اس خوشی کے موقعے پر دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے ۔ہماری روایات کے مطابق عید الفطر کا آغاز میٹھا کھانے سے کیا جاتا ہےاور ہر گھر میں رات سے ہی میٹھا تیار کر لیا جاتا ہے،میٹھے کے روایتی پکوان میں شیر خورما قابل ذکر ہے،جس کے بغیر تو عید الفطر کا مزا ہی ادھورا رہتا ہے۔آج ہم نےمسرت کی ان گھڑیوں میں قارئین کے لیے روایتی اورنت نئے پکوان مڈویک کچن میں شامل کیے ہیں۔ہمارے لذیذ پکوان سے اپنی عید ٹرالی کو سجائیں اور داد پائیں:

سوئیوں کا زردہ

اجزاء:

سوئیاں 1 کلو ،گھی 1 کپ ،چینی حسب ذائقہ، پسی ہوئی چھوٹی الائچی تین عدد، پستہ، بادام، ناریل دو کھانے کے چمچ، زعفران یا زردہ رنگ تھوڑا سا

ترکیب:

چینی میں دو کپ پانی ڈال کر شیرہ پکائیں۔ زردہ رنگ یا پسی ہوئی زعفران ڈال کر چمچ چلائیں اور اتار لیں۔ گھی میں الائچی گرم کر کے سوئیاں بھون لیں۔ اب شیرہ ڈال کر سوئیاں پکائیں پانی خشک ہو جائے تو دم دیں۔ پستہ بادام اوپر سےسجائیں۔

کسٹرڈ سوئیاں

اجزاء:

دودھ ایک لیٹر،چینی حسب ذائقہ،رنگین سوئیاں ایک پیالی،فریش کریم ایک پیالی،ونیلا کسٹرڈ پاؤڈر چار کھانے کے چمچے،ریڈ جیلی ایک پیکٹ (پیالے میں جمالیں)

ترکیب:

تھوڑے سے ٹھنڈے دودھ میں کسٹرڈ گھول لیں۔ سویاں الگ سے ابال لیں پھر دودھ ابال کر چینی ملائیں اور پہلے سے حل کیے ہوئے کسٹرڈ کو ابلے ہوئے دودھ میں شامل کر دیں۔ گاڑھا ہونے لگے، تو ابلی ہوئی رنگین سوئیاں شامل کر کے اچھی طرح ملا لیں، پھر چولھے سے اتارکر ٹھنڈا کرلیں۔ اب کسٹرڈ میں آدھی کریم ہلکے ہاتھوں سے ملائیں۔ اسی طرح آدھی جیلی بھی ملائیں، پھر بچی ہوئی کریم اور جیلی سے سجا دیں۔ ٹھنڈا کر کے پیش کریں۔

شیر خرما

اجزاء:

چھوہارے آدھا پائو، کھوپراآدھا پائو، کشمش ايک چھٹانک، چھوٹی الائچی چھ عدد، پستہ پچاس گرام، سوئیاں ايک پائو، دودھ ايک کلو، شکر حسب ذائقہ ،لونگ دو عدد، بادام پچاس گرام، گھی حسب ضرورت

ترکیب:

سوئیوں کو ابال کر ان ميں تھوڑا سا گھی ملائیں اور الگ رکھ دیں، چھوہارے باريک کاٹ لیں۔ بادام اور پستے بھی کاٹ لیں۔ اب حسب منشاء گھی ميں لونگ اور الائچی کے دانے ملا کر ہلکی آنچ پر سرخ کر ليں، اس کے بعد ابلتے ہوئے دودھ ميں کٹا ہوا سارا ميوہ ملا دیں پھر تھوڑی دير تک پکائیں، پھر اتار کر ابلی ہوئی سوئیاں اس میں ملا دیں اور حسب ذائقہ شکر ملا کر آنچ دیں۔ اتنا پکائیں کہ سوئیاں اور دودھ يک جان ہو جائیں اور گاڑھا پن آجائے، حسب منشاجتنا گاڑھا کرنا چاہیں کر لیں، مزيدار شیر خرما تیار ہے۔

لبِ شیریں

اجزاء:

دودھ ڈیڑھ لیٹر، چینی دوکپ، فریش کریم ایک کپ، ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلورتین کھانے کے چمچے، لال ،پیلی اور سبزجیلی ایک ایک پیکٹ، ابلی رنگین سوئیاں ایک کپ،کیلےچار عدد، سیب تین عدد، انگورایک کپ، آڑوایک عدد، پستے، بادام ایک کپ

ترکیب:

ونیلا کسٹرڈ یا کارن فلور کو تھوڑے سے پانی میں گھول لیں۔ دیگچی میں دودھ اور چینی ڈال کے ابلنے کے لیے رکھ دیں۔ جب چینی اچھی طرح حل ہو جائے تو کارن فلور کو الگ پیالی میں ٹھنڈے دودھ کے ساتھ حل کریں۔ پھر اس مکسچر کو گرم دودھ میں شامل کریں اور اس دوران مسلسل چمچا چلاتی رہیںاور اتنا پکائیں کہ گاڑھا کسٹرڈ بن جائے۔پھر اسے ٹھنڈا کرلیں اور تھوڑا سا کسٹرڈ پیالے میں نکالیں اور اس میں کریم مکس کریں اور اس مکسچر کو فریج میں رکھ کے اچھی طرح ٹھنڈاکرلیں۔ جیلی کو ڈبے پر لکھی ہدایات کے مطابق بناکے جمالیں اور جمنے کے بعد کیوب کاٹ لیں۔ سارے پھل چھیل کے ان کے ٹکڑے کرلیں۔ اب سرونگ باؤل میں سارے پھل، جیلی، رنگین اُبلی ہوئی سوئیاں ڈال کے اوپر کسٹرڈ ڈال دیں۔ پستے، بادام سے سجا کے ٹھنڈا کرکے سرو کریں۔

ربڑی کھیر

اجزاء:

چاول ایک کپ، دودھ دوکلو، چینی ایک کپ یا حسبِ ذائقہ، الائچی پاؤڈرآدھا چائے کا چمچ، کیوڑہ ایسنس دو سے تین قطرے، ربڑی ایک پاؤ (لچھے دار)، بادام اور پستہ حسبِ ضرورت۔

ترکیب:

دودھ کو اتنا پکائیں کہ اُس کی رنگت ہلکی گلابی ہوجائے ، پھر دودھ میں چاول ڈال کر ہلکی آنچ پر پکائیں، یہاں تک کہ چاول اچھی طرح گَل جائیں، پھر اس میں چینی شامل کریں اور کچھ دیر پکائیں۔ اب الائچی پاؤڈر اور خشک میوے ڈال کر دس منٹ تک پکائیں۔ کھیر درمیانی گاڑھی ہونے لگے، تو چولہے سے اْتار لیں۔ ربڑی اور کیوڑہ ایسنس ڈال کر ہلکا مکس کرلیں۔ ڈش میں نکال کر ٹھنڈی کر کے سرو کریں۔

اسٹرابیری چاکلیٹ کیک

اجزاء:

میدہ تین کپ، کوکوپاؤڈر چوتھائی کپ، انڈے چار عدد، چینی آدھ کپ،

آئسنگ کے لئے :

فریش کریم ،250گرام ،اسٹرابیری 4/1کپ ،آئسنگ شوگر 8کھانے کے چمچے، اسٹرابیری 2/1کلوگرام، دودھ 2/1کپ ،

ترکیب:

انڈے اچھی طرح پھینٹیں تاکہ فلفی ہو جائیں ۔ اب اس میں پسی ہو ئی چینی شامل کرکے مکس کریں ۔ میدہ ، کوکو پاؤڈر الگ مکس کریں اور انڈے والے مکسچر میں ڈالیں( یاد رکھیں جب میدہ کوکو والا مکسچر ملائیں انڈے میں تو تھوڑا تھوڑا مکس کرتے جائیں اوون کو 220سینٹی گریڈ پر پری ہیٹ کیجئے ۔ کیک کو 8x8 کے ڈو پین میں ڈال کر پکائیں ۔ 12منٹ میںتیار ہو جائے گا۔ کیک کو ٹھنڈ ا کریں ۔ دودھ ڈالیں فریش کریم میں آئسنگ شوگر مکس کریں اورکیک پر لگائیں دوسرا کیک رکھ کر کریم اسٹرابیری سے ڈیکورکرلیں۔

براؤنی پڈنگ

اجزاء:

میدہ 1 کپ ،پسی چینی 3/4کپ، کوکوپاؤڈر 2کھانے کے چمچے ،بیکنگ پاؤڈر 2چائے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ،دودھ آدھاکپ ،تیل2کھانے کے چمچے، ونیلا ایسنس1چائے کا چمچہ، کٹے اخروٹ آدھاچائے کا چمچہ، براؤن شوگر(پیکڈ) 3/4کپ ،کوکوپاؤڈر 1/4کپ ،کھولتا پانی1-1/2کپ، ونیلا آئس کریم ( آپشنل) سرو کرنے کے لیے۔

ترکیب:

ایک پیالے میں 1کپ میدہ ، 3/4کپ پسی چینی ، 2کھانے کے چمچے کوکوپاؤڈر ، 2چائے کے چمچے بیکنگ پاؤڈر اور 1/4چائے کا چمچہ نمک اچھی طرح ملائیں ۔ پھر اس میں 1/2کپ دودھ ، 2کھانے کے چمچے تیل اور 1چائےکا چمچہ ونیلا ایسنس شامل کریں ۔ اب 1/2کپ کٹے اخروٹ ملائیں ۔ تیار آمیزہ 8انچ کے گریس کیے چوکور ٹِن میں ڈال دیں ۔ ایک چھوٹے پیالےمیں 3/4کپ پیکڈ براؤن شوگر اور 1/4کپ کوکو پاؤڈر ملائیں ۔ پھر 1-1/2کپ کھولتاپانی ڈال کر ملائیں ۔ تھوڑا تھوڑا کرکے براؤن شوگر ولا آمیزہ ٹِن والے آمیزے پرڈالیں اور پہلے سے گرم اوون میں 40منٹ بیک کریں ۔ پھر اوون سے جالی پرنکال کر گھنٹہ بھر ٹھنڈا ہونے دیں ۔ کیک چھوٹی پیالیوں میں نکال کر پین کی تہہ سے پڈنگ کیک پر ڈالیں اور ونیلا آئس کریم سے ساتھ سروکریں ۔

کریم کریمل

اجزاء:

انڈے 8عدد ،دودھ ایک لیٹر ،چینی ایک کپ، وینلا ایسنس ایک چائے کا چمچ ،چینی (اضافی) 5کھانے کے چمچے

5کھانے کے چمچے چینی ایک پین میں ڈالیں۔پھر اس میں 2کھانے کے چمچے پانی ڈال کر دھیمی آنچ پر 10منٹ تک پکائیں۔ چینی گل جانے اور براؤن ہوجانے پر اس کو سانچے میں ڈال دیں۔ جس میں پڈنگ بنانا ہو۔ ایک الگ برتن میں انڈے، چینی، دودھ اور ونیلا ایسنس ڈال کر پھینٹتے رہیں۔ جب تک کہ چینی مکمل گھل نہ جائے اب اگر اوون میں تیار کرنا ہو تو اوون کو آن کردیں اور درجہ حرارت 200سینٹی گریڈ یا گیس مارک 5یا فل پر کرکے 15منٹ تک گرم ہونے دیں۔ ایک بڑے برتن میں پانی ڈالیں۔ اس میں پڈنگ کا سانچہ رکھ دیں اور سانچے میں انڈے کا مکسچر ڈال دیں برتن اوون میں رکھ دیں اور 35-40منٹ تک پکنے دیں۔چیک کرنے کے لئے ایک چھری لے کر درمیان میں ڈالیں۔ اگر صاف نکل آئے تو نکال لیں اور اگر پڈنگ کے کچھ ذرات لگے ہوں تو 10-15منٹ تک مزید پکائیںپھر نکال کر ٹھنڈا کرکے فریج میں 2گھنٹے کے لئے رکھ دیں۔

ٹھنڈا ہونے پر ایک پلیٹ میں الٹا کرکے نکال لیں او رپیش کریں۔اگر پتیلے میں پکانا مقصود ہو تو ایک پتیلے میں پانی ڈال کر چولہے پر رکھ دیں اور جب پانی گرم ہوجائے اور چھوٹے چھوٹے بلبلے بننے لگیںتو انڈے کے آمیزے والے برتن کو اوپر سے المونیم فوئل سے مکمل سیل کرکے اس پتیلے میں رکھ دیں اور اوپر ڈھکن رکھ کر 35سے 40منٹ تک پکائیں۔ چیک کرنے کے لئے وہی طریقہ اپنائیں جو پہلے بتایا گیا ہے۔ٹھنڈا ہونے پر پلیٹ میں الٹ کر نکالیں اور پیش کریں۔

تازہ ترین