آمنہ فاروق
میک اپ خواتین کی خوبصورتی میں چار چاند لگا دیتا ہے اور چہرے کی خوبصورتی کی بنیاد’ آنکھیں‘ ہے ،کیونکہ آنکھوں کا میک اپ ہی پورے چہرے پر رونق بکھیرتا ہے۔میک اپ میں آنکھوں کی بنیادی خوبصورتی آئی لائنر سے ہوتی ہے جو آنکھوں کو دلفریب کردیتا ہے۔کسی کی آنکھیں چھوٹی ہوتی ہیں تو کسی کی بڑی اور کسی کی پلکیں گہری ہوتی ہیں تو کسی کی ہلکی۔ اسی لیے فیشن میں منفرد اسٹائل کے آئی لائنرز کو ترجیح دی جاتی ہے تاکہ ہر کوئی اسے اپنی آنکھوں کی بناوٹ کے حساب سے لگائے۔ہم آپ کو آئی لائنر کے ایسے منفرد اسٹائل بتارہے ہیں جو فیشن ٹرینڈ میں سب سے زیادہ مقبول ہیں۔
ونگڈ آئی لائنر:
ونگڈ آئی لائنر بہترین دکھائی دیتا ہے۔ اس کی شروعات آنکھ کی لِڈ کے اوپر باریک لکیر سے کی جاتی ہے پھر آنکھ کی بیچ کی لکیر سے اٹھا کر آخر تک لگایا جاتا ہے۔
اس کے تحت آنکھ کا نقش مختلف اور بڑا لگنے لگتا ہو جوآنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کردیتا ہے۔
اسمگڈ آئی لائنر:
اسمگڈ آئی لائنرکا اسٹائل اسموکی میک اپ میں زیادہ استعمال ہوتا ہے اس میں کیک لائنر یا لیکوڈ لائنر کے بجائے آئی پینسل استعمال کی جاتی ہے جس کو بعد میں چھوٹی نوک والے برش سے پھیلایا جاتا ہے ۔دلہن اور ماڈلز کے گلیمرس لک کے لئے بھی سمگڈ آئی لائنر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
ری ٹرو آئی لائنر:
اگر آپ لوگوں کو اپنی شخصیت سے متاثر کرنا چاہتی ہیں تو ری ٹرو آئی لائنر اسٹائل کا انتخاب کریں۔فیشن ٹرینڈ میں سب سے زیادہ ری ٹرو آئی لائنر کا منفرد اسٹائل میک اپ ٹرینڈ میں کافی پزیرائی حاصل کررہا ہے۔ اگر اس اسٹائل کو چمک والے لیکوڈ لائنر کے ساتھ لگایا جائے تو آنکھوں کی چمک آپ کی شخصیت کو پرکشش بنا دے گی ۔
کیٹ آئی لائنر :
کیٹ آئی لائنر کا فیشن چند سال پہلے خوب مقبول ہواتھا، جسے خواتین نے شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں لگا کر اس اسٹائل کو سراہا۔کیٹ لائنر کو ماڈلز اور گلیمر کی دنیا کے ستاروں کا اسٹائل مانا جاتا ہے۔ یہ اسٹائل چھوٹی بڑی تمام آنکھوں پر خوبصورت لگتا ہے۔
60 آئی لائنر:
اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ 60 کے فیشن کے جلوے اب تک بکھرے ہوئے ہیں۔ اس دور کے میک اپ کا اسٹائل آج کے دور تک قابل تعریف ہے۔اس وقت کے میک اپ ٹرینڈ میں سب سے زیادہ آنکھوں کا کاجل اور آنکھوں کے اوپر چوڑے بڑے آئی لائنر نے شہرت حاصل کی۔ 60 کا لائنر اسٹائل آج بھی فیشن میں استعمال کیا جارہا ہے۔ یہ آنکھ کے اوپر شروع سے اختتام تک موٹا لگتا ہے۔ اس کی آخر کی نوک بھی موٹی لگائی جاتی ہے۔
فش ٹیل آئی لائنر:
یہ سب سے نیا اور منفرد اسٹائل ہے اور لڑکیوں کے لیے سب سے زیادہ عام اسٹائل مانا جاتا ہے۔ اس کو لگانے کے لیے خاص طور پر پتلے برش کا استعمال کیا جاتا ہے اور بالکل آخر میںباریک دو نوکیں نکالی جاتی ہیں۔