• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرزا شاہد برلاس

عالمی موسمیاتی آرگنائزیشن کے انٹرنیشنل کلائوڈ ایٹلس کے مطابق بادلوں کی 100 سے زیادہ اقسام ہیں۔ اگرچہ ان میں تھوڑا تھوڑاسا فرق ضرور ہے ۔ماہرین کے مطابق پہلے ان کو سطح سمندر سے آسمان میں بلندی کے لحاظ سے تین گروپوں میں تقسیم کیا گیا ، پھر ہر گروپ کے بادلوںکوان کی نمی اور اشکال کی بنیادپر مزید تین اقسام میں تقسیم کیا گیا۔ جب کہ بادلوں کی ایک قسم تینوں لیولز میںہوتی ہے۔ اس طرح مجموعی طورپر10 بنیادی اقسام ہوجاتی ہیں۔ بادلوں کے یہ تمام نام لاطینی زبان میں رکھے گئے ہیں۔

نچلے لیول کے بادل جو 6500 فیٹ سے نیچے ہوتے ہیں (کیومولس ،اسٹریٹس اوراسٹریٹو کیومولس)اس کے علاوہ درمیانے لیول کے بادل جو 6500 فیٹ سے20,000فیٹ تک ہوتے ہیں (آلٹو کیومولس ، نمبواسٹریٹس اورسیرواسٹریٹس)بلند لیول کے بادل جو20,000فیٹ سے اوپر تک ہوتے ہیں (سیرس،سروکیومولس اورسرواسٹریٹس) ان کے علاوہ کیومونمبس بادل ہوتے ہیںجو اوپر کے تینوں لیولوں کے بادلوں کے درمیان ہوتے ہیں۔

کیومولس

ان بادلوںکے اوپری حصے گول ہوتے ہیں اور سورج کی روشنی سے سفید نظر آتے ہیںجب کہ ان کے پیندے فلیٹ اور ڈارک ہوتے ہیں۔یہ بادل دھوپ والے دنوں میں جب بنتے ہیں جب زمین سورج کی گرمی سے گرم ہوجاتی ہے۔ کیومولس کا مطلب ہو تا ہے ،صاف موسم ۔

اسٹریٹس

یہ بادل نچلے لیول پر پورے آسمان پر پھیلے ہوئے فلیٹ بادل ہیں جو ہموار اور گرے رنگ کے ہوتے ہیں۔ یہ دھند جیسے نظرا ٓتے ہیں۔ ان سے ہلکی بارش یا پھوار برستی ہے۔

آلٹوکیومولس

یہ عام بادل ہیں جو درمیانے لیول پر نظر آتے ہیں یہ گول شکل میں ہوتے ہیں اور ان کا رنگ سفید اور گرے ہوتا ہے ۔یہ بڑے بڑے ٹکڑوں میں آسمان پر پھیلے ہوئے ہیں ۔یہ بادل بھیڑوں کےاون کی طرح ہوتے ہیں ۔ آلٹو کیومولس اور اسٹریٹو کیومولس آپس میں ملتے جلتے ہیں۔ آلٹو کیومولس بلندی پر ہوتے ہیں اور چھوٹے ٹکڑوں میں نظر آ ٓتے ہیںجب کہ اسٹریٹوکیومولس بڑے ٹکڑوں میں نیچے لیول پر ہوتے ہیں۔یہ عام طور پر گرم اور حبس کے دنوں میں صبح صبح نظر آتے ہیںاور دن میں کسی بھی وقت طوفان آنے کا پیش خیمہ ہوتے ہیں۔ جن کے پیچھے ٹھنڈی ہوائوںکے فرنٹ ہوتے ہیں۔

اسٹریٹو کیومولس

اگر آپ کیومولس بادلوں کو چاقو سے کاٹ کر ٹکڑے ٹکڑے کردیں اور ان ٹکڑوں میں سے نیلا آسمان نظر آئے تو وہ اسٹریٹو کیومولس بادل کہلائیں گے۔ یہ نچلے لیول پر گرے اور سفید رنگ کے ہوتے ہیں اور نیچے سے دیکھنے پر شہد کے چھتہ جیسے نظرآتے ہیں۔ جو عام طور پربادلوں کے دنوں میں نظرا ٓتے ہیں۔

نمبو اسٹریٹس

یہ بادل پورے آسمان پر ڈارک گرے رنگ میں پھیلے ہوئے نظر آتے ہیں اور نچلے لیول سے درمیانے لیول تک پھیلے ہوئے اس قدر موٹی تہوںمیں ہوسکتے ہیں کہ سورج کی روشنی کو بڑی حد تک روک لیں۔یہ بنیادی طور پر بارش یا برف سے بھرے ہوئے بہترین بادل ہوتے ہیںجو بہت بڑے رقبہ میں بارش اور برف برساتے ہیں یا برسانے والے ہوتے ہیں۔

آلٹو اسٹریٹس

ان بادلوں کارنگ گرے یا نیلگوں گرے ہوتا ہے اور یہ آسمان پرپھیلے ہوئے درمیانے لیول کی بلندی پر ہوتے ہیں لیکن ان میں سے مدھم سورج کی طشتری کی جھلک نظر آتی ہے ،مگر ان کی روشنی اتنی نہیں ہوتی کہ زمین پر دھوپ کی وجہ سے چیزوں کا سایہ نظر آنے لگے۔ یہ گرم اور سرد فرنٹ کے ساتھ ہوسکتے ہیں۔

سروکیومولس

یہ بادل چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں پورے آسمان پر قطاروں میں نظر آتے ہیں اور بہت بلندی پر برف کی قلموں سے بنے ہوتے ہیں۔ یہ بہت کم وقت کے لیے نظرآتے ہیںاور جلد غائب ہوجاتے ہیں ۔یہ دانوں کی طرح پھیلے ہوئے نظر آتے ہیں ۔

سرواسٹریٹس

یہ بادل شفاف سفیدچادر کی طرح پورے آسمان پر پھیلے ہوئے نظر آتے ہیں۔ان کے درمیان سورج یا چاند کے گولے کے گرد ہالہ بنا ہوا ہوتا ہے۔ یہ بلندی پر نمی کی نشان دہی کرتے ہیں اور عام طورپر گرم ہوائوںکے فرنٹ کے ساتھ ہوتے ہیں۔

سرس

لاطینی زبان میں سرس کا مطلب ہےگھونگروالے بال۔ چناں چہ یہ بادل سفید گھونگر والے بالوں کی طرح نظر آتے ہیں۔یہ پتلے ہوتے ہیں اور آسمان پر بکھرے ہوئے نظر آتے ہیں ۔ 20,000فیٹ سے زیادہ بلندی پر ہوتے ہیں ۔اس کے علاوہ یہ وہاں بھی پائےجاتے ہیں جہاں کادر جہ ٔ حرارت کم اور نمی زیادہ ہو۔ اس لیے یہ پانی کے قطروں کی بجائے برف کی چھوٹی چھوٹی قلموں میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔یہ صاف موسم میں نظر آتے ہیں جو بڑے پیمانہ پرٹروپیکل سائیکلون کی آمد کی نشان دہی کرتے ہیں۔

کیومونمبس

یہ بادل ان بادلوں میں شامل ہیں جونچلے ،درمیانے اور بلند یعنی تینوں لیول پر بنتے ہیں۔ کیومولس بادلوں کی طرح نظر آتے ہیں لیکن یہ مینار کی طرح بلند ہوکراوپر سے گوبھی کے پھول کی طرح لگتےہیں لیکن ان کی اوپری سطح ہمیشہ سپاٹ اور نچلا حصہ ڈارک ہوتا ہے ۔ یہ بادل اپنی بغل میںطوفان لئے ہوئے آتے ہیں۔ چناں چہ اگر آپ ان کو دیکھیں تو یقینی طور پر یہ جان لیں کہ یہ کم وقت میں بہت زیادہ با رش برسانے کا سبب بن کر ژالہ باری اور سیلاب کا باعث بن سکتے ہیں۔

تازہ ترین
تازہ ترین