• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلی ہی نظر میں صاحبہ کو پہلے دل کی پھر گھر کی ہیروئن بنالیاتھا، ریمبو

پاکستانی فلموں کے نامور اداکار، افضل خان عرف ریمبو نے کہا ہے کہ میرے مداح بہت جلد مجھے اور صاحبہ کو سنیما اسکرین پر ایک ساتھ دیکھیں گے۔ ہم نے اپنا پروڈکشن ہائوس بنالیا ہے، اس کے بینر تلے مزاحیہ و رومینٹک فلم بنانے کی تیاریاں کرلی ہیں۔ میں شاید واحد ہیرو ہوں، جس نے ڈیڑھ سو فلموں میں 37خُوبصورت ہیروئینوں کے ساتھ بطور ہیرو کام کیا۔ مجھے میری پہلی فلم’’ہیرو‘‘ نے فلموں کا اسٹار بنادیا تھا۔


انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ صاحبہ کی پہلی بار تصویر ایک میگزین میں دیکھی تھی تو دوستوں سے کہا تھا کہ ایک دن اس لڑکی کو تمہاری بھابھی بنائوں گا اور پھر وہ میری پہلی فلم کی ہیروئن بھی بنیں اور میری شریکِ حیات بھی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ افضل ریمبو جیو فلمز کی اکتوبر میں ریلیز کی جانے والی اینیمیٹڈ فلم the Donkey Kingمیں منگو کے کردار کی وائس اوور بھی کررہے ہیں۔

افضل ریمبو نے مزید بتایا کہ مجھے ابتدا میں ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’گیسٹ ہائوس‘ سے شناخت اور پہچان ملی جس کے بعد میں نے فلموں میں کئی یادگار کردار ادا کیے۔ میری ساس اور ماضی کی مشہور اداکارہ نشو بیگم سے ایک ملاقات میں، میں نے کہا کہ میں آپ کی بیٹی صاحبہ سے شادی کرنا چاہتا ہوں، جس پر انہوں نے صاف الفاظ میں جواب دیا کہ آپ جیسے کئی ہیرو انڈسٹری میں آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں، آپ کے پاس ہے کیا؟ کیا آپ کا لاہور میں اپنا گھر ہے؟ پہلے لاہور میں اپنا گھر بنائیں پھر صاحبہ سے شادی کی بات کرنا۔

افضل ریمبو نے بتایا کہ ’’نشو بیگم کا یہ چیلنج میں نے قبول کیا اور اس زمانے میں بیس بیس گھنٹے فلموں کی شوٹنگز میں حصّہ لیتا رہا اور اس کمائی سے صرف آٹھ ماہ میں لاہور میں اپنا گھر لے لیا۔ اس کے بعد صاحبہ سے میری شادی ہوگئی اور اب میرے دو پیارے بچّے ہیں۔

بہت جلد ہم میاں بیوی اپنی ڈرامائی زندگی پر مبنی فلم بنائیں گے جو بھارتی فلم ’سنجو‘ سے زیادہ دلچسپ ہوگی۔ میں فلم انڈسٹری کے نئے جنم پر فلموں کی کامیابی پر بہت خوش ہوں اور تمام فنکاروں کا فلموں کی کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔

تازہ ترین