• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فوائد کا حامل زعفران ایسی غیر معمولی اور پر اثر بوٹی ہے جس کا استعمال سیکڑوں انداز میں کیا جاتا ہےجس سے ہزاروں فوائد حاصل کئے جاتے ہیں،گرم اور خشک مزاج رکھنے والی اس بوٹی کا پودا پیاز سے مشابہت رکھتا ہے۔

ہندی میں زعفران کو کیسر ،فارسی میں کیماس ، عربی میں زعفران اور وکرکم ، بنگالی میں جعفران ،انگریزی زبان میں سیفران اور لاطینی زبان میں کروکس ساٹو کہتے ہیں ۔اس کا رنگ سرخی مائل زرد ذائقہ قدرے تلخ اور خوشبودار ہوتا ہے ،جاوتری اس کا نعم البدل ہے۔

اس کا استعمال نہ صرف کھانوںمیں لذت اور خوشبو کیلئے ہوتا ہے بلکہ اس سے کپڑے بھی رنگے جاتے ہیں ،زعفران فرحت بخش ہے، خوشبودار ہے،رنگ دار ہےاس کے ساتھ یہ سردی کا بھی بہترین اور شافی علاج ہے اس میں وٹامن اے، وٹامن سی، پوٹاشیم، میگنیشیم، فاسفورس، سلینیم اور زنک پایا جاتا ہے۔

زعفران پودے کے پھولوں سے حاصل کیا جاتا ہے یہ چھوٹی چھوٹی کونپل نما ریشے ہوتے ہیں جو بعدازاں خشک کر لیا جاتا ہے جس کے بعد زعفران تیار ہوجاتا ہے ۔

پیاز سے مشابہت رکھنے والےپودے زعفران کی کاشت نہایت ہی کم قیمت پر کی جاسکتی ہے تاہم اس کوانتہائی نگہداشت کی ضرورت ہو تی ہے اور اس کو ان علاقوں میں کاشت کیا جاسکتا ہے جہاں موسم نہ زیادہ سرد ہو اور نہ زیادہ گرم ۔

اس کے پودے کو پانی کی مقدار بھی کم ہی درکار ہو تی ہے اور ایسی جگہ کاشت کیا جانا چاہئے جہاں پانی کا ٹھیرائو نہ ہو،اس کی کاشت کے لئے مناسب جگہ اونچے ٹیلے ہوتے ہیں تاکہ وہاں پانی نہ ٹھر سکے ،پانی کی زیادہ مقدار زعفران کے پودے کو نقصان پہنچاتی ہے۔

اس بیش قیمت بوٹی کو مصر، ایران،ا سپین، شام ، فرانس، پرتگال ،ترکی ، چین اور اٹلی میں کاشت کیا جاتا ہے ہمارے ملک پاکستان میں بھی اس کی کاشت کشمیر اور کوئٹہ کے گرد و نواح کے چند علاقوں میں کی جاتی ہے لیکن یہ کاشت بہت بڑے پیمانے پر نہیں ہوتی۔

زعفران اپنے اندر سیکڑوں طبی فوائد بھی رکھتا ہے ، سرسام کی شکایت میں اس کا استعمال انتہائی مفید و مجرب ہے،یہ پیشاب کی رکاوٹ کو دور کرتا ہے،جلن دور کرتا ہے۔

زعفران کی معمولی مقدار جو دو سے تین چاول کے دانوں کے برابر ہو اس کا استعمال وزن کم کرنے میں مددگار بنتا ہے، یاداشت کوبہتر بناتاہے،ذہنی تنائو اوردبائو، بھولنے کی بیماری کو دور کرتا ہے۔زعفران بھوک کی کمی کو دور اور ہاضمہ درست رکھتا ہے۔

زعفران کا استعمال شوگر کے مریضوں کیلئے بھی فائدہ مند ہے، مثانے اور جگر کو قوت بخشتا ہے، بوجھل طبیعت میں تقویت دیتا ہے، بلغم کے اخراج میں آسانی پیدا کرتا ہے۔

تشنج میں زعفران کا استعمال غیر معمولی صلاحیت رکھتا ہے اور تشنج کے نتیجہ میں متاثرہ کونہ صرف بیکٹیریا کے حملوں سے روکتا ہے بلکہ ان کے حملوں سے اعصاب کو پہنچنے والے نقصان کو ختم کرتا ہے اور گردن اور جبڑے کے پٹھوں کو تقویت دیتا ہے۔

آنکھوں کی جملہ تکالیف بشمول سرخی اور درد سے نجات کا باعث بنتا ہے۔ حیض میں رکاوٹ کو دور کرتا ہے، حاملہ خواتین کو زعفران کا استعمال زچگی میں آسانی پیدا کرتا ہے۔

تازہ ترین