• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دُنیا بھر میں جب بھی فلم بنانے کا اعلان کیا جاتا ہے، تو اُسی وقت فلم کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان بھی کردیا جاتا ہے، لیکن پاکستان میں فلم بنانے کی تیاری شروع کرنے کے باوجود اعلان نہیں کیا جاتا کہ کب منظر عام پر آئے گی، البتہ عیدین پر پیش کی جانے والی فلموں کے بارے میں پہلے سے معلوم ہوجا تاہے کہ کب آئے گی، کبھی کبھار عین وقت پر بھی ان کی مقررہ تاریخ بھی تبدیلی کردی جاتی ہے، 

جیسا کہ رواں برس عیدالفطر پر ’’پرواز ایک جنون‘‘ ریلیز ہونا تھی، عید سےچند روز قبل ملتوی کردی گئی اور اس کی جگہ ہدایت کار شایان خان نے ’’نہ بینڈ نہ باراتی‘‘ ریلیز کی گئی، جب تک فلمیں مقررہ وقت پر ریلیز نہیں ہوں گی،انڈسٹری مسائل کا شکار رہے گی۔ حیران کُن بات ہے کہ لالی وڈ کے نامور ہدایت کار اور فلم ساز بھی اپنی فلمیں وقت پر ریلیز نہیں کرپاتے، اس کی وجہ سے ماضی میں بھی فلموں کو نقصان پہنچتا رہا ہے اور پاکستان فلم انڈسٹری کے کئی شہرت یافتہ فن کاروں اور ہدایت کاروں کی فلمیں ڈبّے میں بند پڑی ہیں۔ 

دانش تیمور، احسن خان، معمر رانا، سیّد نور اور سنگیتا بیگم کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے نئے جنم کے بعد لالی وڈ کے ماضی کے معروف ہدایت کار اور فن کاروں کی فلموں کی ریلیز کا تعطل اب معمول بنتا جارہاہے۔ نامور ہدایت کار سیّدنور نے پاکستان فلم انڈسٹری کو کئی سپرہٹ فلموں سے نوازا، لیکن گزشتہ برس اپنی فلم’’ چین آئے نہ‘‘ کی ناکامی سے وہ بہت مایوس ہوئے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ اُن کی اس وقت ان کی دو تین فلمیں مکمل ہونے کے باوجود سنیما گھروں کی زینت نہیں بن پارہیں۔ نئی نسل کے مقبول اداکار، احسن خان، دانش تیمور اور معمر رانا آج کل سخت پریشان ہیں۔ 

ڈراما سیریل ’’اڈاری‘‘ سے شہرت حاصل کرنے والے معروف اداکار احسن خان کی حال ہی میں ایک فلم ’’چھپّن چھپائی‘‘ کے نام سے نیلم منیر کے ساتھ ریلیز ہوئی، جب کہ ان کی دوسری فلم، ٹیلی ویژن اور فلموں کی اداکارہ عائشہ عمر کے ساتھ گزشتہ برس ریلیز ہونی تھی، جو اب تک تعطل کا شکار ہے۔ ہدیات کار امین اقبال کی اس فلم کا نام ’’رہبرا‘‘ ہے۔ دوسری جانب عیدالفطر پر ہدایت کار جاوید شیخ اور اداکار دانش تیمور کی فلم ’’وجود‘‘ ریلیز ہوئی،جسے باکس آفس پر کام یابی حاصل نہیں ہوئی۔ 

اس سے قبل دانش تیمور، ہدایت کارہ سنگیتا بیگم کی فلم ’’تم ہی ہو‘‘ میں قرۃ العین عینی کے ساتھ بہ طور ہیرو کام کیا، لیکن یہ فلم بھی تاحال سنیما گھروں کی زینت نہ بن سکی۔ ایک فلم کی ناکامی اور دوسری تعطل کا شکار ہونے کی وجہ سے ان کے فلمی مستقبل پر کئی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ اسی وجہ سے اب وہ فلموں کے بجائے ٹی وی ڈراموں میں نظر آنے لگے ہیں۔ پاکستان فلموں کے سینئر ہیرو معمر رانا کی سیّد نور کے ساتھ بہ طور ہیرو ایک فلم ’’بھائی وانٹڈ‘‘مکمل ہوچکی ہے،لیکن ابھی ریلیز نہیں ہوئی۔ فلم بینوں کو مذکورہ فلموں کا بے قراری سے انتظار ہے، علاوہ ازیں ہدایت کار بلال لاشاری کی ’’مولا جٹ‘‘ کی شوٹنگ بھی مکمل ہوچکی ہے، جو آئندہ برس ریلیز ہوگی، فلموں کی ریلیز پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے،ورنہ ہم فلموں کی کام یابی کے سفر میں پیچھے رہ جائیں گے!!

تازہ ترین
تازہ ترین