آج کل بازار میں ہر جگہ انگور نظر آتے ہیں، یہ ایک ایساذائقہ دار پھل ہے، جسے ہزاروں سال سے کاشت کیا جارہا ہے۔ ذائقہ دار ہونے کے علاوہ انگور کاایک چھوٹا سا دانہ بھی طبی فوائد سے بھرپور ہوتا ہے، جسے لوگوں کی اکثریت پسند کرتی ہے۔ بنیادی طورپر دیکھا جائے تو انگور یورپ اور بحیرہ روم کے خطے کا پھل ہے، جو اب دنیا کے ہرملک میں پایا جاتا ہے۔ پاکستان کی بات کی جائے تو ہمارے یہاں کوئٹہ کے علاوہ دیگر پہاڑی علاقوں میں بھی یہ پھل کثرت سے پایا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انگور عام آدمی کے لیے بھی اتنا مہنگا نہیں ۔دنیا کے مختلف ممالک میں انگور کی مختلف اقسام پائی جاتی ہیں۔ جن میں زرد، سبز، سفید، سرخ اور سیاہ انگور زیادہ مقبول ہیں۔ انگور کی اقسام تو اپنی جگہ لیکن ان کے طبی فوائد بھی کئی گنا ہیں، جو آج کا ہمارا موضوع ہے۔
وٹامن سی اور وٹامن کے سے بھرپور
انگورکو کثیر الغذائی پھل کہا جاتا ہے۔ اس کے اندر غذائیت اور توانائی کے بھر پور خزانےموجود ہیں۔ انگور کی غذائیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ ایک کپ لال یا ہرے انگور میں 104گرام کیلوریز، 27.3گرام کاربوہائیڈریٹ اور1.1گرام پروٹین ہوتا ہے جبکہ یہ وٹامن سی 27فیصد،وٹامن کے28فیصد، تھائیامن 7فیصد، رائبوفلاون6فیصد،وٹامن بی سکس6فیصد،پوٹاشیم8فیصد ،کاپر10فیصد اور میگنیز5فیصد پر مشتمل ہوتا ہے۔ انگور وٹامن سی ، کے اور بیٹا کروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں، جو جسم کے اندر سے نقصان دہ مالیکیولز کو نکال باہر کرتے ہیں۔
موٹاپے اوربلڈ پریشر کیلئے مفید
انگور کے ایک کپ میں288ملی گرام پوٹاشیم موجود ہوتا ہے اور پوٹاشیم انسان کا بلڈ پریشر لیول متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ انگور میں موجود اجزا موٹے افراد میں چکنائی ختم کرکے انہیں بلڈ پریشر اور امراضِ قلب سے بچاتے ہیں۔12ہزار سے زائد لوگوں میں کیے گئے ایک سروے سے پتا چلتا ہے کہ جن لوگوں میں سوڈیم کے بجائے پوٹاشیم کی مقدار زیادہ تھی، ان میں امراض قلب کے باعث مرنے کا امکان کم تھا۔ ماہرین کے مطابق سرخ انگور میں ٹرانس ریسوریٹرل (trans-resveratrol) اور نارنجی میں ہیسپریڈن (hesperidin) نامی مرکبات ذیابطیس، موٹاپے اور امراضِ قلب کو کنٹرول کرنے میں مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔
ذیابطیس میں فائدہ مند
ذیابطیس کے مرض میں ماہرین سرخ انگور کھانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ امریکی ماہرین کے تحقیقی نتائج کے مطابق سرخ انگوروں میں ایسے کئی اجزا دریافت کئے گئے ہیں جو ذیابطیس کی ٹائپ ٹو کو نہ صرف روکتے ہیں بلکہ ان امراض کے علاج میں بھی مفید ہیں۔ غیر ملکی جریدے ’’ڈائبٹیس‘‘ میں شائع شدہ ایک رپورٹ کے تحقیقی نتائج میں ذیابطیس کے مریضوں کے لئے دو مفید پھلوں کا ذکر کیا گیا ہے، جن میں سے ایک سرخ انگور ہے ۔
خون کی کمی دور کرے
انگور جہاں موٹاپا دور کرنے میں معاون ہے، وہیں خون کی کمی پوری کرنے کے لیے بھی ایک بہترین پھل ہے کیونکہ انگور میں آئرن کی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔ اگر آپ کو خون کی کمی یا انیمیا ہے تو آپ کو باقاعدگی سے انگور کھانے چاہئیں یا انگور کا رس پینا چاہیے۔ خون کی کمی کو دور کرنے کے لئے ایک گلاس انگور کے رس میں2چمچ شہد ملا کر پینے سے خون کی کمی دور ہو جاتی ہے۔
سردرد کا علاج
درد شقیقہ کے مریضوں کے لیے انگور کا استعمال بہترین ہے۔ ایک اندازے کے مطابق10میں سے ایک شخص اس درد کا شکار ہے۔ درد شقیقہ چندگھنٹے رہتا ہے اور کبھی کبھی اتنا شدید ہوتا ہے کہ مریض اپناکام نہیں کر پاتا۔ اگر آپ کو درد شقیقہ کا مسئلہ ہے تو آپ کو انگور کھانے چاہئیں۔ انگور کے استعمال سے سر درد میں راحت پائی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ سر درد ہونے پر انگور کا رس پینے سے جلدی افاقہ ہوگا۔
آنکھوں کیلئے مفید
غذائیت سے بھرپور ہونے کے سبب انگور بینائی میں بہتری لانے کے حوالے سے بھی ایک مفید پھل ہے۔ اسے کھانے سے بڑھاپے میں اندھے پن کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ میامی یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق انگور کھانے سے آنکھوں کے نقصان دہ مالیکیولز کے اخراج کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ انگور مضر صحت مالیکیولز سے ہونے والے نقصان کا ازالہ کرکے آنکھوں کے افعال کو بحال رکھتا ہے۔
جوڑوں کے درد کا علاج
بڑھتی عمر والے افراد کے لیے جوڑوں کا درد ایک عام مسئلہ ہے۔ انگور کا استعمال جوڑوں کی تکلیف دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔ ٹیکساس ویمنز یونیورسٹی کے تحقیقی نتائج کے مطابق انگور کھانے سے گھٹنوں کے جوڑ کی تکلیف میںآرام ملتا ہے۔