• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آنکھوں کی بینائی عمر بڑھنے کے ساتھ کمزور ہونے لگتی ہے اور عینک لگ جاتی ہے۔ تاہم اپنی نظر کواچھا رکھنا بہت ضروری ہے ۔

ہوسکتا ہے کہ یہ کام مشکل محسوس ہو مگر ایسا ہے نہیں بلکہ چند عام نکات کو اپنا کر آپ اپنی بینائی کو عمر بڑھنے کے باوجود بہتر رکھ سکتے ہیں۔

بینائی کمزور ہونے کی علامات

کہتے ہیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔جب آپ اپنے اندر درج ذیل علامات پائیں تو فوری طور پر معالج سے رجوع کریں۔

آنکھوں میں درد

ہماری آنکھیں ایک لینس کے طور پر کام کرتی ہیں، جو مختلف فاصلوں پر موجود اشیاکو دیکھنے کے لیے خود کو ایڈجسٹ کرتی ہیں۔ لیکن جب آپ کو کچھ دور موجود چیزوں کو دیکھنے میں مشکل پیش آئے تو آنکھوں کو کچھ زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس کے نتیجے میں ان میں درد، تھکاوٹ، پانی بھر آنا یا خشک ہونے جیسی علامات سامنے آتی ہیں۔

سر درد رہنا

آنکھوں میں دباؤ یا تناؤ سردرد کا باعث بن جاتا ہے، کیونکہ آنکھوں کو اپنا کام کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس کے نتیجے میں آنکھوں کے آس پاس درد رہنے لگتا ہے، خاص طور پر کوئی کتاب پڑھنے، کمپیوٹر پر کام کرنے یا کسی بورڈ کو دیکھتے وقت۔ آنکھوں کو جب چیزوں کو دیکھنے کے لیے توجہ مرکوز کرنا پڑتی ہے تو مسلز زیادہ سخت کام کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں، جس سے سر میں درد رہنے لگتا ہے۔ اگر آپ توجہ دے کر کوئی کام کررہے ہیں تو اس کے دوران پندرہ سے تیس سیکنڈ کا وقفہ ضرور لیں۔

آنکھیں سکیڑنا

اپنی پلکوں کو تھوڑا سا بند کرنے سے اگر آپ کو صاف نظر آنے لگتا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ کی بینائی خراب ہورہی ہے۔ آنکھوں کو سکیڑنا ٹھیک دیکھنے میں مدد تو دیتا ہے مگر کافی دیر تک ایسا کرنے سے بینائی زیادہ خراب ہوسکتی ہے، جبکہ سردرد بھی ہونے لگتا ہے۔

تیز روشنی میں دیکھنا مشکل

تیز روشنی میں گھومتے ہوئے اگر آنکھوں میںچبھن ہونے لگے تو اس کا مطلب ہے کہ بینائی میں خرابی آرہی ہے، کیونکہ یہ تیز روشنی آنکھوں کو سکڑنے پر مجبور کردیتی ہے، جس کے نتیجے میں انہیں زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔

اسکرین کا استعمال کم کریں

فون یاکمپیوٹر کی اسکرین کے استعمال کا دورانیہ بھی بینائی پر اثرانداز ہوسکتا ہے، ایک دن میں مسلسل دو گھنٹے یا اس سے زائد وقت ڈیجیٹل اسکرین کو دیکھتے ہوئے گزارنا ڈیجیٹل آئی اسٹرین کا باعث بن سکتا ہے۔ اس کے نتیجے میں آنکھوں میں سرخی، خارش، خشک ہوجانا، دھندلانا،تھکاوٹ اور سردرد وغیرہ کی شکایات ہوسکتی ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ اسکرین کے استعمال میں وقفہ دیں۔

تمباکو نوشی سے گریز

تمباکو نوشی سے عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی میں آنے والی تنزلی اور بصری اعصاب کو نقصان پہنچتا ہے۔ اس کے علاوہ ذیابطیس کی بیماری بھی آنکھوں کے مسائل کا سبب بنتی ہے۔

چیک اَپ کراتے رہیں

آنکھوں کی صحت کے لیے ضروری ہے کہ ان کا چیک اَپ کرانا معمول بنالیں، اس عادت سے بینائی میں کسی بھی قسم کے مسئلے کو ابتدا میں ہی پکڑ کر اس پر آسانی سے قابو پایا جاسکتا ہے۔ اگر اکثر سردرد ہو، کچھ پڑھنے کے بعد آنکھوں کو تھکاوٹ ہو، کچھ دیکھنے کے لیے اسےسکیڑنا پڑے یا کتاب کو قریب لاکر پڑھنا پڑے یہ سب بینائی میں کمزوری کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔

طبیعت بگڑنا

آپ کی دونوں آنکھیں دو تصاویر بناتی ہیں، جنھیں دماغ جوڑ کر ایک کردیتا ہے، مگر جب ایک آنکھ کی نظر خراب ہورہی ہو تو دماغ میں بننے والی تصویر بھی ٹھیک نہیں ہوتی جو کہ بیمار ہونے کا احساس پیدا کرسکتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ایسے حالات میں دماغ دو الگ الگ تصاویر دیکھتا ہے اور اس کے لیے انہیں اکٹھا کرنا مشکل ہوتا ہے، ایسا ہونے پر آپ کو قے، ایک چیز دو نظر آنا یا سر چکرانے کی شکایات ہوسکتی ہیں۔

بینائی تیز کرنے کے لیے مفید غذائیں

بینائی قدرت کی انمول نعمت ہے،جس کی حفاظت ہم درج ذیل غذائیں کھاکر کرسکتے ہیں۔

بھنڈی

بھنڈی میں زیکسن اور لوٹین جیسے مرکبات موجود ہوتے ہیں، جو بینائی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھنڈی میں وٹامن سی کی مقدار بھی بہت زیادہ ہوتی ہے، جو آنکھوں کی صحت کے لیے مؤثر ہے۔

خوبانی

بڑھتی عمر میں بینائی کمزور ہوجاتی ہے، لیکن ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ بیٹا کیروٹین بینائی کو بہتر رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ روزانہ وٹامن سی، وٹامن ای، زنک اور کاپر سے بھرپور غذائیں کھانے سے بینائی بہتر ہوتی ہے۔ یہ تمام غذائیت خوبانی میں موجود ہے، اس سے دھندلی بینائی کا خطرہ 25فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

گاجر

گاجر میں وٹامن اے موجود ہوتا ہے جو آنکھوں کی جھلی اور دیگر حصوں کو بہتر کام کرنے میں مدد دیتا ہے، گاجر کا روزانہ استعمال بینائی کو بھی بہتر بناتا ہے۔

گوبھی

لوٹین ایک ایسا اینٹی آکسیڈنٹ ہے، جو بینائی کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ گوبھی میں بھی اس کی مقدار کافی زیادہ پائی جاتی ہے، اس کے علاوہ گوبھی میں موجود وٹامن سی اور بیٹا کیروٹین بھی نہایت فائدہ مند ہوتے ہیں۔

میوے

میوے کھانا کس کو پسند نہیں؟ جیسے جیسے سردیاں قریب آتی ہیں، میوے کھانے کا شوق بھی بڑھتا جاتا ہے۔ بادام، اخروٹ اور کاجو جیسے میوہ جات میں اومیگا3کی مقدار کافی زیادہ پائی جاتی ہے۔ یہ آنکھوں کی جھلی کو تیز روشنی سے لڑنے کی طاقت دیتا ہے اور بڑھتی عمر میں پیش آنے والے آنکھوں کے مسائل کی بھی روک تھام میں مدد کرتا ہے۔

تازہ ترین