• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچے شرارتیں کرتے ہیں اور بعض اوقات اتنے جوش و جذبے سے کرتے ہیں کہ چوٹ لگا بیٹھتے ہیں۔ چوٹ لگنے سے خون نکلنے لگے تو ماںباپ کے ہاتھ پائوں پھول جاتے ہیں۔ ایسے میں سمجھ نہیں آتی کہ کیا کیا جائے۔ صرف بچے ہی نہیں، بڑے بھی کسی حادثے کا شکار ہوسکتے ہیں۔ ایسے میں سواری دستیاب نہ ہویا ہسپتال دور ہو تو ابتدائی طبی امداد کے ذریعے مریض کو وقتی آرام اور چوٹ کو مزید پیچیدگی سے بچایا جاسکتا ہے۔ ابتدائی طبی امداد کسی چوٹ یا حادثے کی صورت میں تکلیف یا نقصان کو کم کرنے میں مدد کرتی ہے۔ اسپتال پہنچنے تک کسی قسم کی پیچیدگی یا نازک صورت حال سے بچنے کے لیے بعض اوقات ابتدائی طبی امداد متاثرہ شخص کی جان بچانے میں بھی کارگر ثابت ہوتی ہے۔ لہٰذا کسی بھی ایسی صورت حال میں حواس کو بحال رکھ کر ہنگامی اقدامات کرنا ہوتے ہیں اور یہ تب ہی ممکن ہے جب ایسے وقت میں آپ کے پاس فرسٹ ایڈ باکس ہو۔

خدانخواستہ ہنگامی صورت حال میں آپ یا آپ کے گھر میں سے کسی کو یا پھردفتراور اسکول میں کسی کو حادثے کے باعث زخم لگ سکتا ہے، جسم کا کوئی حصہ جل سکتا ہے یا دوسری چوٹیں لگ سکتی ہیں۔ ایسے میں اگر آپ کے پاس بنیادی سامان ہو تواپنے عزیزوں کو چوٹ لگنے کی صورت میں آپ ان کی مدد کرنے کے لئے بہتر طور پر تیار ہوتے ہیں۔ یاد رکھیں کہ زیادہ تر چوٹوں کی وجہ سے جان کو خطرہ نہیں ہوتا اور فوری طبی امداد سے متاثرہ افراد کو آرام مل جاتا ہے۔ معمولی زخموں کے علاج کی معلومات سے ہنگامی صورت حال میں بہت فرق پڑسکتا ہے۔ ابتدائی طبی امداد کی کلاس لینے کے متعلق سوچیں، اس کے علاوہ مندرجہ ذیل طریقوں سے بھی خون کے بہنے اور جراثیم زدگی کے پھیلنے کی روک تھام اور آلودگی سے پاک کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

آپ کے پاس کیا ہونا چاہیے

٭دو جوڑی لیٹکس یا دوسرے آلودگی سے پاک دستانے (اگر آپ کو لیٹکس سے الرجی ہو)

٭بہتے ہوئے خون کو روکنے کے لئےآلودگی سے پاک پٹیاں

٭زخم کو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے محلول/ صابن اور چھوٹے اینٹی بائیوٹک تولیے یا وائپس

٭جراثیم زدگی کی روک تھام کے لئے اینٹی بائیوٹک مرہم

٭جلے کا مرہم جراثیم زدگی کی روک تھام کے لئے

٭ مختلف سائزوں میںپٹیاں

٭آنکھیں دھونے کے لئے یا عام آلودگی دور کرنے کے لئےآنکھ دھونے کا محلول

٭تھرمامیٹر

٭نسخے کی ادویات جو آپ روزانہ لیتے ہیں، جیسے کہ انسولین، دل کے امراض کی دوا اور دمہ کا انہیلر

(نوٹ:آپ کو تاریخ تنسیخ یعنی ایکسپائری ڈیٹ کے حساب ادویات کو بدلناچاہیے۔)

٭نسخے کے ذریعے دستیاب طبی سامان جیسے کہ شوگر اوربلڈ پریشر کی نگرانی کے آلات اور سامان

آپ کی کٹ میں مندرجہ ذیل اشیا کی شمولیت بھی فائدہ مند ہوسکتی ہے:

٭سیل فون اور چارجر

٭قینچی

٭موچنا

٭پیٹرولیم جیلی یا دوسری چکنائی کی ٹیوب

نسخے کے بغیر دستیاب ادویات:

٭ایسپرین یا ایسپرین کے بغیر درد کم کرنے کی دوا

٭پیچش روکنے کی دوا

٭پیٹ کی تیزابیت کی دوا (پیٹ کی خرابی کے لئے)

٭قبض کشا

اس بات کو لازمی بنائیے کہ گھر، دفتر ، اسکول یا دیگر اہم جگہوں پر فرسٹ ایڈ باکس موجود ہو، تاکہ کسی بھی حادثے کی صورت میں پریشانی سے بچا جاسکے اور متاثرہ شخص کو فوری طبی امداد مل سکے۔

اگر آپ کو فرسٹ ایڈ کا تجربہ نہ ہوتو فرسٹ ایڈ کی ویب سائٹ پر جاکر یا یوٹیوب پر دستیاب ٹیوٹوریلز دیکھ کر فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔ ایسے کرنے سے آپ کو مختلف بیماریوں یا حادثات میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے سے متعلق معلومات حاصل ہوجائیں گی۔ ٹھنڈ لگ گئی ہو، کھانسی ہو، ہڈی ٹوٹ جائے یا شہد کی مکھی کاٹ لے، غرض یہ کہ انٹرنیٹ پر بے شمار بیماریوں اور حادثات کی ابتدائی طبی امداد سے لے کر گھریلو ٹوٹکے تک موجود ہیں اور ساتھ معلومات بھی درج ہوتی ہیں۔ گھروں میں عموماً پیش آنے والے چھوٹے موٹے حادثات کو بھی تفصیلاً اور ویڈیوز کے ذریعے سمجھایا گیا ہوتا ہے، مثلاً نکسیر پھوٹنا، انگلی کٹ جائے، پیر میں موچ آجائے، کانٹا چبھ جائے، قے دست ہوجائیں یا بچوں کے سر میں چوٹ لگ جائے وغیرہ۔ انٹرنیٹ پر بہت ساری مفید ویب سائٹس ہیں، جن کوآپ گوگل پر first-aidلکھ کر سرچ کرسکتے ہیں اور نہ صرف اپنے گھرو الوں کے لیے بلکہ دوسروں کے بھی کام آسکتے ہیں۔ 

تازہ ترین