• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فطرت سے لگاؤ ہرکسی کو ہوتا ہے اور سب کی خواہش ہوتی ہے کہ کسی نہ کسی طرح اپنے گھر کو ہرا بھرا رکھا جائے۔ اس کے لیے آپ کو سب سے پہلے یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ گھر کے کس حصے میں آپ باغیچہ بناسکتے ہیں اور آیا اس کے لیے جگہ موجود بھی ہے یا نہیں۔ اگر ان سب سوالوں کے جواب مثبت ہیں تو آپ پورے سال کسی بھی موسم میں سدابہار پودے لگاسکتے ہیں یا پھر آپ کو ہر موسم کے لحاظ سے مطابقت رکھتے ہوئے پودے لگانے کی منصوبہ بندی کرنی پڑے گی۔عام طور پر گھر کے آنگن کے ایک چھوٹے سے حصے کو ہرے بھرے باغیچے میں تبدیل کردیاجاتا ہے۔ تاہم اگر آپ کے گھر میں صحن نہیں ہے اور آپ اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں یا ایسے گھر میں جہاں کچی زمین موجود نہیں ہے تو جدید طریقے سے باغیچہ تیار کیا جاسکتا ہے، جہاں آپ کے شوق کی آبیاری ہوسکے۔

ٹرالیوں میں کیاریاں

آج کے زمانے میں ہر چیز کا حل موجود ہے، اس لئے گھبرائیے مت۔ مارکیٹ میں چھوٹی جگہوں پرباغبانی کا شوق پورا کرنے کے لیے ٹرے پرمبنی ٹرالیاں بھی دستیاب ہیں۔ یہ ٹرالیاں دو سے تین اسٹیپ پر بنی ہوتی ہیں۔ سب سے اوپرپودےاور دوسرے پر باغبانی کا سامان بآسانی رکھا جاسکتا ہے۔ ان ٹرالیوں کے ذریعے ایک طرف آپ باغبانی کا شوق پورا کرسکیں گے تو دوسری طرف آپ اپنے باغ کو منفرد انداز دے پائیں گے۔

کارنر گارڈن

گھر کا کوئی کونا خالی ہو یا پھر اسے خالی کرکے وہاں بازار میں دستیاب بڑی ٹرے رکھی جاسکتی ہے۔ سادہ اور خوبصورت چیزوں کو استعمال کرنےکابھی اپنا ہی منفرد انداز ہوسکتاہے۔ اس ٹرے کو فرش اور لکڑی کے ڈیک کے ساتھ سجایا جاسکتاہےاورساتھ ایک لکڑی کی بینچ بھی ساتھ رکھی جاسکتی ہے۔ اس پر کوئی عمدہ سا رنگ بھی کرلیںتو یہ اور زیادہ دیدہ زیب معلوم ہوگا۔ اس کے علاوہ کسی بھی کونے میں لکڑی کی بینچ کے ساتھ چھوٹے گلدانو ں میں چھوٹے گلاب بھی لگائے جاسکتےہیں۔

عمودی باغیچہ

جگہ کی کمی ہو تو عمودی باغیچہ (ورٹیکل گارڈن) بھی بہترین ہوتا ہے۔ اس کے لیے آپ کو بہت زیادہ پودوں کی ضرورت نہیں ہے، صرف ایک قسم کے پودےسے بھی کام چل جائے گا اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے بھی آپ کوزیادہ کاوشیں نہیں کرنی پڑیں گی۔ کسی بھی پودے کو منتخب کرنے سے پہلے اس کے سائزکے بارے میں سمجھ لیں کہ یہ کتنا بڑھے گا۔

بالکنی میں گملے

اگر آپ کے اپارٹمنٹ میں ایک چھوٹے باغیچے کے لئے جگہ کافی نہیں ہےتو آپ اپارٹمنٹ کی بالکنی کے ایک حصے کوجڑی بوٹیوں اور پودوں کے لئے وقف کرسکتے ہیں۔ گملے میںلگے پودے بہت منفرد طرز کے ہوں تو قدرتی روشنی میںیہ مزید دلکش دکھائی دیتےہیں۔ ان گملوں کے ڈھیر سے ایک طرف آپ کی بالکنی ہری بھری اور بڑی لگے گی تو دوسری طرف آپ کا باغبانی کا شوق بھی پورا ہوجائے گا۔ یہی نہیں، ہری بھری ڈیکوریٹڈ وال بھی اس اس مختصر جگہ کو منفرد دکھانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

ہری بھری راہداری

گھر کی راہداری میں آپ کو یا مہمانوں کو خوش آمدید کرنے کے لیے ’’ہربل ویلکم‘‘ ایک منفرد آئیڈیا ہے۔ پودینہ، روزمیری اور نیازبو جیسے پودوں کا استعمال گھر کےداخلی حصے اور راہداری کے لیے بہترین ہے۔ ان مقامات پر ان پودوں کی کاشت آپ کے گھر کو ہرا بھرااور منفرد دکھانے میں بہترین ثابت ہوگی۔

منی پلانٹ لگائیں

منی پلانٹ ایک آرائشی بیل ہے۔ یہ پانی میں بھی اُگائی جا سکتی ہے اور مٹی میں بھی۔ اِس کی خاص بات یہ ہے کہ اِس پر نہ کوئی پھل لگتا ہے اور نہ پھول لیکن اگر یہ جنگل میں اُگا ہو تو اِس پر ایک لمبے عرصے کے بعد پھول لگ جاتے ہیں اور ایسا ہونا بہت نایاب ہے۔

لٹکے ہوئے گملے

منی پلانٹ کی بوتل یا گملے کی طرح دوسرے پودوں کو بھی لگایا جاسکتاہے ، کوشش کریں کہ ایسے پودے لگائیں، جن میں زیادہ سےزیادہ خوشبودار رنگین پھول لگتے ہوں تاکہ آپ خودبھی لطف اندوز ہوں اور گھر آنے والے افراد بھی۔ گملوں کو مختلف رنگوںسے رنگ دیا جائے تو یہ اور بھی خوبصورت نظر آتے ہیں۔

لکڑی کے سانچے

لکڑی کے صندوق نما سانچے بنا کر بھی ان میں پھول اور پودے لگائے جاسکتےہیں۔ اگر ان کے نیچے پہیے لگادیے جائیں تو انہیں ادھر سے ادھر حرکت دینے میں بھی آسانی ہوگی اور انہیں دھوپ بھی لگائی جاسکے گی۔

چھت پر باغبانی

چھت کےبہت سے فوائد میں سے ایک یہ ہے کہ اس پر آپ باغبانی کا شوق پورا کرسکتے ہیں۔ چھت پر لگے پودے یا سبزہ زار آپ کے گھر کا ماحول خوشگوار بنانے میں اہم کردار ادا کریںگے بلکہ آپ کی طبیعت پر بھی اس کے خوش گوار اثرات مرتب ہوںگے۔ چھت پر موجود باغیچہ آپ کو صاف ستھری اور تازہ ہوا فراہم کرے گا، خصوصاً صبح کے وقت یہ ہوا فرحت کا باعث ہوتی ہے۔

تازہ ترین