محکمہ موسمیات نےجمعے سے پیر تک ملک میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی، اس دوران بلوچستان، خیبرپختونخوا، پنجاب، گلگت بلتستان، کشمیر اور سندھ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بلوچستان اور ڈی جی خان کے ندی نالوں میں طغیانی کے علاوہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی بارشوں کےحوالے سے ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا نیا سلسلہ جمعرات کو بلوچستان میں داخل ہو گا، جو جمعے تک جنوبی علاقوں میں پھیل جائے گا، جمعرات سے اتوار تک بلوچستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جمعے سے پیر تک خیبر پختونخوا، پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیرمیں بارشیں ہوں گی، جبکہ جمعے سے ہفتے کے دوران سندھ میں کہیں کہیں بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں برفباری، مالاکنڈ، ہزارہ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے، جبکہ بلوچستان اور ڈی جی خان کے ندی نالوں میں طغیانی بھی آ سکتی ہے۔