• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ممتاز کاروباری شخصیت شیر محمد رفیق وفات پاگئے

ڈبلن آئر لینڈ (فرخ وسیم بٹ) کامیاب بزنس مین اور پرائڈ آف پاکستان کا ایوارڈ حاصل کرنے والے پاکستان فیصل آباد کے چوہدری شیر محمد رفیق 87 سال کی عمر میں آئرلینڈ کے شہر بیلی ہانس میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے گزشتہ دنوں محمد رفیق کو دل کا عارضہ لاحق ہوا انہیں ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں وہ ایک ہفتے کے بعد وفات پاگئے۔محمد رفیق نے 1973 میں آئر لینڈ کے شہر بیلی ہانس ایک چھوٹی سطح پر 20 ملازمین کے ساتھ گوشت کا کاروبار شروع کیا لیکن چند سال میں محمد رفیق کو کاروبار میں خوب ترقی ملی اور ان کی فیکٹری میں ملازمین کی تعداد 450سے تجاوز کرگئی اس کے بعد محمد رفیق نے 1989میں بڑی محنت اور بہترین حکمت عملی سے اپنے کاروبار کو دنیا بھر میں پھیلا دیا جن میں مغربی اور مشرقی وسطیٰ کے علاوہ ایران، مصر، سعودی عرب، خلیجی ریاستیں اور جاپان شامل تھے اور آپ کے ملازمین کی تعداد 5000 سے بھی تجاوز کر گئی اور محمد رفیق کا شمار آئرلینڈ کے دوسرے بڑے امیر ترین انسان اور چوتھے بڑے بزنس مین اور دنیا کے 10 بڑے گوشت کے تاجروں میں شمار ہونے لگا اور آپ کی کمپنی کی سالانہ ٹرن اوور ایک ارب پؤنڈ تک پہنچ گیا اس کے علاوہ محمد رفیق نے یہاں کے سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں میں گراں قدر خدمات پیش کیں جس کی وجہ سے آپ کو تمام حلقوں میں بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا، محمد رفیق نے آئرلینڈ میں سب سے پہلے اپنی زمین خرید کر اس پر باقاعدہ پہلی مسجد کی بنیاد رکھی آپ نے سب سے پہلے یہاں ایسوسی ایشن آف پاکستان آئرلینڈ کا آغاز کیا اور باقاعدہ اعلیٰ سطح پر یوم آزادی پاکستان 14اگست کے پروگرامز کا آغاز بھی کیا، محمد رفیق نے آئرلینڈ میں پاکستانی سفارت خانہ کے قیام کے لئے ایک کلیدی کردار ادا کیا، محمد رفیق کی وفات کی خبر سنتے ہی آئرلینڈ یوکے اور یورپ کے دیگر ممالک سے ہزاروں کی تعداد میں افراد بیلی ہانس پہنچ گئے اور بیلی ہانس مسجد میں نماز جنازہ ادا کی۔ نماز جنازہ میں آئرش پارلیمنٹیرین، کونسلرز، میئرز اور دیگر کئی سیاسی سماجی اور مذہبی تنظیمات کے قائدین و کارکنان اور ہزاروں کی تعداد میں پاکستانی،آئرش اور دیگر کئی کمیونٹیز کے افراد شامل تھے۔ ہزاروں افراد کی موجودگی میں شیر محمد رفیق کو سپرد خاک کیا گیا۔ چوہدری شیر محمد رفیع کے سوگواروں میں ایک بیوہ دو بیٹے عمران شیر رفیق، عرفان شیر رفیق بیٹیوں انیلہ شیر رفیق اور سما شیر رفیق شامل ہیں۔
تازہ ترین