• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’پوری داستان لالچ، رشوت اور دھمکیوں کی ہے‘

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ یہ پوری داستان لالچ، رشوت اور دھمکیوں کی ہے۔

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران شہزاد اکبر نے کہا کہ جج کہہ رہے ہیں کہ انہیں بتایا گیا کہ ان کی تقرری کروائی گئی،دیکھنا یہ ہے کہ اس تقرری میں کون لوگ ملوث تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس کی انکوائری کی جائے تو دیکھنا ہوگا اس اسکیم کے پیچھے کیا تھا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ نواز شریف کے کیسز پہلے جج بشیر صاحب کی عدالت میں چل رہے تھے، ان پر عدم اعتماد کا اظہار کیا گیا، جس کے بعد کیسز ارشد ملک کی عدالت میں چلا گئے۔

شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ نواز شریف ضمانت پر تھے،6اپریل 2019ء کو جاتی امرا میں نواز شریف کی ملاقات جج ارشد ملک سے ہوتی ہے، جس نے انہیں سزا دی تھی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ جج صاحب کے حلف نامے کے مطابق ملاقات میں انہیں 10کروڑ کی پیشکش کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سے ملاقات میں جج کو ایک اسکرپٹ دیا جاتا ہے کہ پڑھ کر سنائیں ورنہ ملتان کی ویڈیو لیک کرکے بدنام کردیا جائے گا۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ بقول حلف نامے کے،نواز شریف کے بعد ناصر بٹ انہیں دھمکیاں دیتا ہے،اس داستان میں جو رویہ سامنے آرہا ہے وہ کسی فرد کا نہیں بلکہ مافیا کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو منی ٹریل تو دینی پڑے گی،اس کے بغیر بخشش نہیں ہوسکتی،وہ آج منی ٹریل دے دیں تو آج ہی آزاد ہوجائیں گے۔

تازہ ترین