پاکستان سرمایہ کاری بورڈ اور بزنس فرانس نے پاکستان اور فرانس کے درمیان باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کو فروغ دینے کیلئے دوطرفہ یاد داشت کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
دوطرفہ یادداشت کی یہ تقریب آج پیرس میں بزنس فرانس کے ہیڈکوارٹر میں منعقد کی گئی، جس میں پاکستان سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے مسٹر معین الحق سفیر پاکستان اور بزنس فرانس کے چیف ایگزیگٹیو آفیسر مسٹر کرسٹوف لیکوٹیئر نے دستخط کیے۔
اس دستخطی تقریب میں فرانسیسی سرکاری اہلکاروں، بزنس فرانس کے افسران، سفارت خانہ پاکستان کے افسران، فرانسیسی سول سوسائٹی کے اراکین اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفیر پاکستان نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سرمایہ کاری بورڈ اور بزنس فرانس کو مبارک باد پیش کی اور کہا کہ یہ معاہدہ بہت اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس معاہدے کی وجہ سے فرانس اور پاکستان کے درمیان باہمی کاروباری تعلقات میں مزید اضافہ ہو گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس نئے معاہدے کی وجہ سے دونوں ممالک کے سرمایہ کاروں اور کاروباری حضرات کو باہمی تعلقات اور شراکت داری کو فروغ دینے کے مواقع میسر آئیں گے اور دونوں ممالک کے کاروباری حضرات کو نمائش، سیمیناروں اور سرمایہ کاری مشن کے انعقاد میں بھی مدد ملے گی۔
اس موقع پر بزنس فرانس کے چیف ایگزیگٹیو آفیسر مسٹر کرسٹوف لیکوٹیئر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد بزنس فرانس فرانسیسی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کرے گی اوراس سلسلے میں ان کی حوصلہ افزائی بھی کرے گی اور فرانسیسی تاجر اپنے پاکستانی ہم منصبوں کو فرانس میں سرمایہ کاری میں سہولیات فراہم کریں گے۔
بزنس فرانس ایک فرانسیسی حکومتی ایجنسی ہے جو 2015 میں بنائی گئی تھی۔ یہ ایجنسی فرانسیسی ایجنسی برائے بین الاقوامی سرمایہ کاری اور یوبی آئی فرانس کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔
اس ایجنسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ فرانسیسی چھوٹے اور درمیانی درجے کی کمپنیوں کو سمندر پار سرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر فرانس میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مواقع اور سہولیات فراہم کرنا ہے۔