• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اہلیہ کی درخواست پر اداکار محسن عباس کیخلاف مقدمہ درج

لاہور پولیس نے اداکار محسن عباس کے خلاف ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکیاں اور امانت میں خیانت کی دفعات لگائی گئی ہیں۔

پولیس نے ایف آئی آر میں محسن عباس کے کسی خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کا معاملہ گول کردیا ہے۔

محسن عباس کے خلاف مقدمہ تھانہ ڈیفنس سی لاہور میں فاطمہ سہیل کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

اس سے پہلے ایس پی کینٹ رضا صفدر کاظمی نے دونوں فریقین کے بیانات ریکارڈ کیے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق اداکار محسن عباس اکثر اپنی بیوی فاطمہ سہیل کو زد و کوب کرتا اور تشدد کا نشانہ بناتا۔

ایف آئی آر کے مطابق فاطمہ سہیل نے باپ سے 50 لاکھ روپے لیکر کاروبار کے لیے محسن عباس کو دیئے، جس کے بعد چند دن کے لیے اس کا رویہ اچھا رہا، لیکن محسن عباس پھر آپے سے باہر ہو گیا اور میکے سے مزید 50 لاکھ روپےلانے کا کہا، انکار پر جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا اور غلیظ گالیاں دیں، اپنے بھائی محمد علی کو بلایا تو محسن عباس نے پستول تان لی۔

ایف آئی آر میں فاطمہ سہیل نے محسن عبا س پر یہ الزام بھی لگایا کہ اس کے ایک خاتون سے ناجائز تعلقات تھے، وہ اکثر نشے کی حالت میں اسے گھر لاتا اور کمرہ بند کر لیتا تھا، جس کے ثبوت تھانہ ڈیفنس کراچی میں موجود ہیں۔

پولیس نے ایف آئی آر میں ان الزامات کو نظر انداز کر دیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش میں تمام پہلوؤں کو مدِنظر رکھا جائے گا۔

مقدمے کے اندراج پر فاطمہ سہیل نے کہا کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن نے مقدمہ درج کروانے میں کردار ادا کیا ہے، جس پر ان کی شکر گزار ہوں۔

تازہ ترین