• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کچھ میٹھا کھانے کاموڈ ہے ۔کبھی میٹھا بھی بنا لیا کرو اور جب خاتون خانہ میٹھا بنانے کا کہتی ہیں تو شوہر کے ساتھ بچوں کی فرمائشیں بھی شروع ہوجاتی ہیں۔کسی کو شاہی ٹکڑے کھانے ہیں تو کسی کو گلاب جامن ،برفی وغیرہ سو آج جی کر منہ میٹھا کرلیں۔

گلاب جامن

اجزا: کھویا ڈیڑھ پاؤ، پنیر ایک چوتھائی کپ،میٹھا سوڈا ایک چوتھائی کپ،میدہ تین کھانے کےچمچے،سبز الائچی پسی ہوئی ایک چوتھائی کپ،چینی دو کپ،پانی دو کپ،گھی حسب ِضرورت

ترکیب: کھوئے اور پنیرکو اچھی طرح ملا کر ہاتھ سے اتنا ملیں کہ ایک گھٹلی بھی نہ ہو پھر اس میں میٹھا سوڈا، میدہ اور الائچی شامل کرکے اچھی طرح گوندھ لیں اور اسے آدھے گھنٹے کے لیےرکھ دیں۔ اب اس کے بعد چھوٹے چھوٹے پیڑے بنالیں(یاد رکھیں سب پیڑوں کے سائز برابر ہوں ) چینی میں دو کپ پانی ملا کر شیرہ پکائیں،ایک برتن میں گھی اچھی طرح گرم کریں، گھی اتنا ہونا چاہیے کہ پیڑے اس میں اچھی طرح ڈوب جائیں۔ہلکی آنچ پر تلیں،سنہرے ہوجائیں تو نکال کر فوراً شیرے میں ڈال دیں۔لیجئے مزیدار گلاب جامن تیار ہیں ۔

بیسن کے لڈو

اجزا: بیسن ایک کلو ،چینی ڈیڑھ کلو ،گھی آدھا کلو ، پستہ ،بادام دس سے بارہ عدد (باریک کٹے ہوئے ) پسی ہوئی سبز الائچی دوکھانے کے چمچے

ترکیب: ایک کھلے منہ کے پیالے میں بیسن ڈال کر ہاتھ سے اچھی طرح ملیں کہ کوئی گھٹلی نہ رہے پھرفرائنگ پین میں گھی گرم کرکے بیسن ڈال کر بھون لیں ۔بیسن ہلکا سنہری ہوجائے تو اس میں چینی شامل کرکے تیزی سے چمچہ چلائیں جب چینی کا پانی خشک ہوجائے تو چولہا بند کردیں ۔اب بیسن میں باریک کٹا ہوا پستہ، بادام اور پسی ہوئی سبز الائچی شامل کردیں ۔ہاتھوں سے لڈو بناکر ایک تھال میں فاصلے سے رکھیں ،تاکہ لڈو ٹوٹیں نہیں۔ آخر میں ان پر چاندی کا ورق لگائیں ۔بیسن کے لڈو تیار ہیں ۔

ناریل کی برفی

اجزا: ناریل پسا ہوا ایک کلو ،کھویا ڈیڑھ پاؤ، چینی ڈیڑھ کلو اور پستہ آدھی چھٹانک

ترکیب: ناریل ڈال کر بھون لیں سنہری ہو جائےتوپھر اس میں کھویا، ناریل شامل کر کے اچھی طرح ملائیں۔ اب ا س میں چینی اور تھوڑا سا پانی ڈال کر مزید بھونیں ۔جب چینی کا پانی خشک ہوجائے اور ناریل ،کھویا اچھی طرح یک جا ہو جائے تو چولہا بند کردیں ۔ایک طشتری میں تھوڑا سا گھی لگا کر آمیزہ ڈال کر پھیلا دیں ۔ٹھنڈا ہو جائے تو چھری سے کاٹ لیں ، اوپر سے پستہ ڈال کر چاندی کا ورق لگادیں ۔

سوجی کا حلوہ

اجزا: سوجی ایک پاؤ ،گھی ڈیڑھ پائو ،چینی ایک پائو ،میوہ حسبِ ضرورت ،زعفران آدھا چائے کا چمچہ،پانی دو گلاس (درمیانہ سائز)

ترکیب: زعفران پیس لیں ۔چینی میں پانی شامل کر کے چند منٹ پکا کر زعفران اور پسی ہوئی الائچی شامل کردیں ۔ایک دیگچی میں گھی گرم کرکے سوجی بھون لیں جب سوجی نیز سرخ ہوجائے تو اس میں تھوڑا ساپانی شامل کرکے جلدی جلدی چمچہ چلائیں۔چند منٹ میں پانی خشک ہوجائے گا ۔اب اس میں چینی کا آمیزہ ڈال کر دو تین منٹ تک پکائیں اور پانی خشک ہونے پر اتار لیں آخر میں پیالے میں حلوہ ڈال کرباریک کٹا ہوا میوہ ڈال دیں۔ مزیدار سوجی کا حلوہ تیار ہے ۔

تازہ ترین