• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے قلم ہوتا تھا اور کاغذ، پھر ٹائپ رائٹر آیا، کمپیوٹر کی بورڈ اور اب موبائل ٹچ پیڈ۔ وقت کے ساتھ ساتھ گیجٹس کے استعمال میں ہم اس قدر کھوگئے ہیں کہ کبھی قلم سے کوئی تحریر لکھنی پڑ جائے تو بڑا عجیب سامحسوس ہوتا ہے۔ کی بورڈ کے ذریعے لکھنے میں آپ کو سہولت اور تصحیح کی آزادی ہوتی ہے۔ لیکن آپ جب قلم سے لکھتے ہیں تو آپ کا پورا وجود اس میں ملوث ہوتاہے اورآپ کے خیالات کا تسلسل ٹوٹنے نہیں پاتا جبکہ ٹائپنگ کرتے وقت ذرا سی املا کی غلطی آپ کے خیالات کے دھارے کو روک دیتی ہے۔ ٹائپنگ کرتے وقت بیٹھنے کا انداز بھی آپ کو کافی دیر تک آرام دہ حالت میں نہیں رہنے دیتا۔

سب سے پہلے تو آپ یہ بات یاد رکھیں کہ آپ کی تحریر تخلیقی ہو یا بھرپور، اسے مکمل ریاضت اور مسلسل مشق کی ضرورت ہوتی ہے۔ جذبہ لکھنے کا ہو یاکسی بھی کام کا، اس کی مشق اور عزمِ مسلسل اس میں نکھا رلاتا ہے، جس میں بہت وقت بھی صرف ہوتا ہے۔ اب آپ کہیں گےکہ ہماری رائٹنگ جیسی بھی ہے، سمجھ میں آجاتی ہے اور جب کام چل رہا ہے تو کیا ضرورت ہے محنت و مشقت کی! ہم آپ کو صرف یہی باور کرواتے چلیں کہ ہر شخص کے پاس اپنی رائٹنگ (لکھائی) بہتر کرنے کی کوئی نہ کوئی وجہ ہوتی ہے اور بہتر رائٹنگ کا فائدہ پیشہ ورانہ زندگی میں ہوتا ہے۔

موسمی بیماری کے علاج کی غرض سے ہم نے ایک ڈاکٹر سے رجوع کیا، ڈاکٹر نوجوان تھے اورکچھ عرصے قبل ہی انہوں نے پریکٹس شروع کی تھی، جب انہوں نے اپنی خوبصورت رائٹنگ میں نسخہ لکھا تو میں نے پوچھا۔ ’’کیا آپ واقعی ڈاکٹر ہیں؟‘‘ تو انہوں نے چونک کر پوچھا ۔ ’’ ہاں! لیکن آپ کیوں پوچھ رہے ہیں ؟‘‘ تو میں نے جواب دیا کہ ’’زندگی میں پہلی بار ایسا ڈاکٹر دیکھا ہے،جس کی رائٹنگ خوبصورت اور بآسانی پڑھنے میں آرہی ہے‘‘۔ انہوں نے ہنس کرکہا۔’’ بھئی اب سب میڈیکل اسٹوڈنٹس کو ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی رائٹنگ بہتر کریں کیونکہ بعض اوقات میڈیکل اسٹوڈنٹس کی اپنی لکھی ہوئی تحریر خود انہیں بھی سمجھ نہیں آتی اوروہ خود پریشان رہتے تھےکہ انہوں نے کیا لکھا ہے‘‘۔

2012ء میں انگلینڈ میں کی گئی ایک ڈاک کمپنی کی اسٹڈی میں شامل افراد نے اعتراف کیا کہ انہیں ہاتھ سے کوئی تحریر لکھے41د ن ہوچکے ہیں۔ ان میں سے اگر دوتہائی افراد نے کچھ لکھا بھی تھاتو وہ سودا سلف کی فہرست کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔

اگر آپ رائٹنگ بہتر کرناچاہتے /چاہتی ہیں توآپ کیلئے کچھ مشورے حاضر ہیں :

■رائٹنگ بہتر کرنے کا فیصلہ

آپ کو اس بات کا اچھی طرح ادراک ہونا چاہئے کہ آ پ کیا کرنے جارہے ہیں۔ کوئی بھی کام شروع کرنے کا فیصلہ کرنا اورپھر اس کیلئے ذہنی طور پر تیار ہونا ضروری ہے تاکہ آپ پُرعزم طریقے سے اس کام کو انجام دینے میں کامیاب رہیں۔

■قلم کے انتخاب میں احتیاط

میدان ِ جنگ میں بھرپور اسلحے اور تیاری کےساتھ اُترا جاتا ہے۔ اسی طرح ایک خوش خط تحریر کیلئے ایک عمدہ قلم بہت اہمیت رکھتاہے۔ ا س مقصد کیلئے عمدہ نب کے فائونٹین پین کا انتخاب کریں، جو سلاست اور روانی سےلکھتا ہو۔ مختلف سائز کی نب والے دو تین قلم سے آپ مشق شروع کرسکتے ہیں۔ بال پین سے اجتناب کرنا لازمی ہے۔

■عمدہ گرفت

قلم کو بھی تلوار کی طرح عمدہ گرفت کی ضرورت ہوتی ہے۔ آپ کی گرفت ہلکی اور سپورٹ والی ہو، بلاوجہ اس پر زور نہ لگ رہا ہو۔ قلم کو اتنا سخت نہ پکڑیں کہ جیسے آپ کچھ نچوڑرہے ہوں۔ قلم کو صحیح طریقے سے گرفت کرنے میں انگلیوں کی تعداد کا بھی مسئلہ نہیں ہے، آپ آرام دہ حالت میں قلم کو اپنی گرفت میں رکھیں اور اس کیلئے دو، تین یاچار جتنی انگلیاں بھی شامل ہوں، کافی ہیں۔

■نشست کا اہتمام(پوسچر)

لکھنے کیلئے آپ کو سیدھا او ر آرام دہ حالت میں بیٹھنا ہے۔ آپ ٹیبل پردائیں ہاتھ سے لکھ رہے ہیں تو آپ کا بایاں ہاتھ دائیں ہاتھ کے نیچےکہنی کی طرف ہو اور دایاں ہاتھ ٹیبل پر آرام کررہا ہو۔

■کندھوں کا جھکاؤ

موزوں قلم، صحیح گرفت اور نشست کے عمدہ انداز کے بعد اب آپ نے صر ف لکھنا ہی تو ہے، البتہ اس بات کاخیال رکھیں کہ صرف انگلیوں اور کلائی سے ہی نہیں لکھا جاتا۔ ا س میں آپ کے کندھوں  کا جھکائو ایسا ہو کہ آپ آرام دہ حالت میں ہوں، ورنہ تو ہاتھ میں اکڑ ن پیدا ہوگی اور آپ تھک جائیں گے/گی۔ دراصل آپ کے قلم کا زاویہ آپ کے کندھوں کی پوزیشن کا فیصلہ کرے گا۔

■ہوا میں لکھنا

لکھتے ہوئے تھکنے لگیں تو قلم رکھ دیں، نشست سے پشت لگا کر اپنی انگلیوں سے ہوا میں کچھ لکھنا شروع کردیں۔ ایسا کرنے سے آپ کے ہاتھ سے لے کر کندھے تک کے عضلات اورجسم کو آرام ملے گا اور آپ کی پریکٹس بھی جاری رہے گی۔

■ہوا میں اشکال بنانا

جب آپ ہوا میں انگلی سے الفاظ بنالیں تو پھر مختلف اشکال جیسے دائرہ، مربع یا X وغیرہ بنائیں کیونکہ الفاظ بھی اسی قسم کے اشکال سے مل کر بنتے ہیں۔ اگر آپ کو دائرہ بنانا آتا ہے تو پھر آپ کی لکھائی بہت جلد خوبصورت ہوجائے گی۔

■مشق میں تسلسل

کتنا اور کس قدر لکھنا ہے، اس کاسادہ سا جواب ہے کہ جس قدر لکھا جائے وہ کم ہے، یعنی جب بھی موقع ملے تو لکھنا شروع کردیں۔ آپ دیکھیں گے کہ چند ہی روز میں آپ کو اپنی لکھائی پر دسترس حاصل ہوجائے گی اور آپ تجربات کیلئے تیار ہیں۔

خوش خطی

آپ کی رائٹنگ بہت زیادہ مجہول ہے تو آپ خوش خطی کا سہارا لے سکتے ہیں۔ خوش خطی کے صفحات مکمل کرنے کے بعد خود بھی ان جملوں یا الفاظ کو بغیر دیکھے لکھنے کی کوشش کریں۔ 

تازہ ترین