نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے سری لنکن شائقین کرکٹ کے ساتھ مل کر اپنی سالگرہ کا کیک کاٹا اور اپنے مداحوں کے دل جیت لئے۔
8 اگست کو کین ولیمسن کی سالگرہ کے موقع پر سری لنکن شائقین کرکٹ دوران میچ کیک لے آئے اور میچ میں پانی کے وقفے کے دوران کین کین چلّانے لگے۔
اُن کی آواز نے کین ولیمسن کی توجہ حاصل کر لی جس پر وہ بھاگتے ہوئے مداحوں میں پہنچے اور اپنے سری لنکن مداح کا کیک نا صرف کاٹا بلکہ کھایا اور اسے بھی کھلایا۔
کیک کاٹنے کے بعد ولیمسن نے آس پاس کھڑے مداحوں سے ہاتھ بھی ملایا۔
کٹونائیکے میں سری لنکن بورڈ پریذیڈنٹ الیون کے خلاف تین روزہ ٹور میچ کے دوران میدان میں کیک کاٹنے کے بعد ولیمسن نے اپنی 29 ویں سالگرہ کا کیک ڈریسنگ روم میں بھی کاٹا۔
ڈریسنگ روم میں ساتھی کھلاڑیوں نےانہیں سالگرہ کی مبارکباد دی جبکہ بی جے واٹلنگ نے انہیں سالگرہ کا کیک بھی پیش کیا۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2019کی رنر اپ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن نے اپنی تحمل مزاجی اور اپنے شاندار رویے سےدنیا بھر کے شائقین کرکٹ کے دل جیتے تھے اور اُن کے اس عمل پر انہیں نیوزی لینڈ کے سب سے بڑے ایوارڈ ’نیوزی لینڈر آف دی ائیر ‘ کے لئے بھی نامزد کیا گیا۔