• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرون ملک مزدوروں کو بھی صحت کارڈ دینگے، زلفی بخاری

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیزو ترقی انسانی وسائل سید ذوالفقارعباس زلفی بخاری نے کہا ہے کہ بیرون ملک مزدوروں کو بھی صحت کارڈ دینگے، وزیراعظم عمران خان ملک کے عام عوام اور معاشرے کے متاثرہ طبقات سمیت متوسط طبقہ کیلئے درد دل رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ بعض مسائل کے باوجود احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے، صحت سہولت پروگرام ملک کے 43 اضلاع میں کام کررہا ہے، وزیراعظم عمران خان نے تھرپارکر اور قبائلی اضلاع میں صحت سہولت کارڈ کی ہر خاندان کو فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہدایت کی ہے، سمندر پار مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی اور وزارت قومی صحت کے اشتراک سے بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک خصوصی پروگرام مرتب کیاگیا ہے جس کے تحت ان خاندانوں کو ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی، ہفتہ کو مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاونین خصوصی نے کہا کہ سکیم کے تحت ایک خاندان کو ایک سال کیلئے 7 لاکھ 20ہزار روپے کے علاج معالجے کی سہولت حاصل ہوگی جس میں دل کے امراض، ڈائیلاسز سمیت بڑی سرجریوں اور دیگر بیماریوں کا علاج کرایا جاسکے گا، ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ صحت سہولت کا پروگرام ملک کے 43اضلاع میں کام کررہا ہے جبکہ دیگر اضلاع میں بھی اس حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے تھرپار اور قبائلی علاقوں کے اضلاع میں ہرخاندان کیلئے صحت سہولت پروگرام کی فراہمی کو یقینی بنانے کی خصوصی ہدایت کی ہے۔ سید ذوالفقارعباس بخاری نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی اور وزارت قومی صحت کے اشتراک سے بیرون ملک جا کر کام کرنے والے مزدور پاکستانی بھائیوں کو بھی صحت کارڈ دے رہے ہیں، کیونکہ بیرون ملک شروع شروع میں ان کو مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔
تازہ ترین