• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موجودہ حکومت کے ایک برس میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں ملا،پیپلز پارٹی

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے وفاقی حکومت کی جانب سے ملازمتوں پر پابندی کے احکامات جاری کرنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان نے ایک بار پھر یوٹرن لے لیا ہے، عوام کو ایک کروڑ نوکری اور 50 لاکھ گھر دینے کے وعدے اور دعوے کرنے والے وزیراعظم نے اپنے احکامات کے ذریعے یہ ثابت کردیا ہے کہ وہ اب تک عوام کو سبز باغ دکھاتے رہے ہیں، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ وفاقی حکومت کا ایک سال ملک کی تاریخ کا بدترین دورِ حکومت ثابت ہوا ہے، عوام کو کوئی بھی ریلیف نہیں ملا ، مہنگائی اور بیروزگاری آسمان سے باتیں کر رہی ہے، عوام بالخصوص مزدور اور کسان طبقہ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکا ہے، منفی معاشی پالیسیوں کے باعث صنعتکار اپنی صنعتیں بند کرنے پر مجبور بنا دیئے گئے ہیں، جسکے باعث روزانہ کی بنیاد پر فیکٹریوں و اداروں سے ہزاروں مزدوروں کو نوکریوں سے نکالا جارہا ہے، موجودہ حکومت اپنی سیاسی سماجی اور معاشی پالیسیوں کے باعث عوام کے لیئے سکیورٹی رسک بن چکی ہے۔

تازہ ترین