• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کشمیریوں پر ظلم کیخلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، شاہد آفریدی

مظفر آباد (خبرایجنسی)سابق اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی نےکہاہےکہ کشمیریوں پر ظلم کیخلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔

گزشتہ روزوزیراعظم عمران خان کی جانب سے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظفرآباد میں منعقد ہونے والے جلسے میں جاوید شیخ، ہمایوں سعید، شہزاد رائے،فاخر، حریم ، مایا اور ساحر بگا بھی شریک ہوئے۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے فنکار بھی مظفر آباد جلسے میں پہنچ گئے


جلسے کے دوران گلوکار ساحر علی بگا اور فاخر محمود نے شرکا کو اپنی مسحور کن آواز سے محظوظ بھی کیا۔

شاہد آفریدی نے مظفرآباد میں منعقد جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں کشمیر کے ساتھ ہوں، میں ہر ظالم کے خلاف اور مظلوم کے ساتھ ہوں،بات صرف کشمیر کی نہیں انسانیت کی ہے، دنیا کے کسی کونے میں بھی ظلم ہوگا ہم پاکستانی ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔

اداکار ہمایوں سعید نے کہا کہ میں دیکھتا ہوں جہاں بھی دنیا میں ظلم ہوتا ہے ہم پاکستانی آواز اٹھاتے ہیں، ہم آج کشمیری بھائیوں کے لیے جمع ہوئے اور وہ جس تکلیف میں مبتلا ہیں انہیں اس تکلیف سے نجات دلائیں گے۔

اداکار جاوید شیخ نے کہا کہ ہم تمام فنکار کشمیر کی محبت میں یہاں موجود ہیں اور ہمیشہ کشمیریوں کاساتھ دیں گے،ہم یہاں یہ بتانے آئے ہیں کہ پوری پاکستانی قوم، ہر بچہ، ہر بوڑھا جوان کشمیر کاز کے ساتھ ہے، جب تک مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہوتا ہم آخری دم تک ساتھ دیں گے۔

مظفرآباد جلسے میں آمد سے قبل اداکار ہمایوں سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی کال پر کشمیر کی جانب گامزن ہیں۔

پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کیا کہ اظہارِ یکجہتی کے لیے لالہ شاہد آفریدی کے ساتھ مظفرآباد کی جانب گامزن ہیں۔

گلوکار فاخر محمود نے اداکاروں کے ہمراہ مظفر آباد روانگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔

تازہ ترین