• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مظفر آباد جلسے کے بعد فنکاروں کے وی لاگز

میرے دادا کو 1949 میں غازیٔ کشمیر کے لقب سے نوازا گیا تھا، شاہد آفریدی


وزیراعظم عمران خان کے ساتھ پاکستانی فن کاروں نے بھی مظفرآباد میں جلسہ گاہ پہنچ کر اہلیانِ کشمیر کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کی۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے مظفرآباد میں مقبوضہ کشمیر کے لوگوں سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے جلسے کا انعقاد کیا تھا، جس میں پاکستانی فن کاروں نے شرکت کرکے یہ ثابت کیا کہ وہ کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے 11 ستمبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا تھا  کہ’ میں 13 ستمبر جمعے کے روز مظفرآباد میں ایک بڑا جلسہ کرنے جا رہا ہوں، جس میں ہم دُنیا کو بھارتی فورسز کے مقبوضہ کشمیر پر جاری ظُلم سے آگاہ کریں گے اور کشمیریوں کو اِس بات کا یقین دِلائیں گے کہ پورا پاکستان اُن کے ساتھ کھڑا ہے۔‘

عمران خان کے اِس ٹوئٹ کے بعد جہاں پاکستانی عوام نے اُن کی حمایت کی وہیں پاکستانی فن کاروں، کھلاڑیوں اور سماجی شخصیات نے بھی وزیراعظم کی کال کی حمایت کی۔

شاہد خان آفریدی:

سابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی نے مظفرآباد کے اِس بڑے جلسے میں شرکت کے بعد اپنے یوٹیوب چینل پر اِس جلسے پر مبنی ایک وی لاگ اپ لوڈ کیا، اُن کے اِس وی لاگ میں سفر کے آغاز سے لے کر اختتام تک کے سارے لمحات ہیں۔

شاہد خان آفریدی نے اپنے وی لاگ میں کہا کہ ’کشمیر کے لیے ہمیشہ سے آواز اُٹھاتا آیا ہوں اور ہمیشہ ایسے ہی کشمیریوں کے حق میں بولوں گا کیونکہ یہ میرے خون میں شامل ہے، انہوں نے کہا کہ ’میرے دادا کو 1949 میں غازیٔ کشمیر کے لقب سے نوازا گیا تھا۔‘

انہوں نے اپنے وی لاگ میں دیگر فن کاروں سے بھی اِس جلسے کے حوالے سے رائے لی، گلوکار شہزاد رائے نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہماری خواہش ہے کہ آج کے جلسے کے ذریعے ہمارے جذبات اور احساسات سرحد پار تک جائیں۔‘

گلوکار فاخر محمود نے کہا کہ ’ہماری یہی کوشش ہے کہ پاکستان کے امن کا پیغام اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم اُجاگر ہوں اور پوری دُنیا میں یہ آواز پہنچے۔‘

ہمایوں سعید:

اداکار ہمایوں سعید نے جلسے میں شرکت سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فن کاروں کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ ’وزیراعظم کی کال پر جلسے میں جاتے ہوئے اور آج کے اِس بڑے جلسے میں ہم مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کریں گے۔‘

شہزاد رائے:

گلوکار و سماجی کارکن شہزاد رائے نے ٹوئٹر پر شاہد آفریدی کے ساتھ تصویر شئیر کی اور لکھا کہ ’یہ وقت ہے کشمیریوں کا ساتھ دینے کا۔‘

فاخر محمود:

گلوکار فاخر محمود نے جلسے میں شرکت کی اور ٹوئٹر پر شاہد خان آفریدی اور ہمایوں سعید کے ساتھ ہیلی کاپٹر کی ویڈیو شیئر کی۔

فاخر محمود نےکشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی اپنی گلوکاری کے ذریعے کی، اُنہوں نے جلسے میں ’انڈیا جا جا‘ گانا گا کر پاکستانیوں کے دِل جیت لیے۔

فاخِر محمود نے مظفرآباد جلسے میں ’انڈیا جا جا‘ گانا گیا


ساحِر علی بگا:

گلو کار ساحِر علی بگا نے مظفرآباد کے جلسے میں شرکت کرکے پاکستانیوں کے جذبے اُجاگر کرنے کے لیے ’پاکستان زندہ باد‘ گانا گایا۔

جلسے میں ساحر علی بگا نے ’پاکستان زندہ باد‘ گانا گایا


حریم فاروق:

اداکارہ حریم فاروق بھی دیگر فن کاروں کے ساتھ جلسے میں شامل ہوئیں اور اُنہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر جلسے کی اسٹوری بھی لگائی۔

واضح رہے کہ پوری دُنیا تک کشمیریوں کی آواز پہنچانے کے لیے مظفرآباد کے جلسے میں شان شاہد، جاوید شیخ، ہمایوں سعید، شاہد خان آفریدی، شہزاد رائے، فاخر محمود، مایا علی ، حریم فاروق اور ساحِر علی بگگا جیسی نامور شخصیات نے شرکت کی۔

تازہ ترین
تازہ ترین