اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق سکھیرا کو فوری بحال کرنے کا حکم جاری کردیا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللّٰہ نے مشتاق سکھیرا کی درخواست کی سماعت کی جس میں انہوں نے برطرفی کے سرکاری حکم نامے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب کو عہدے پر بحال کردیا۔
حکومت نے مشتاق سکھیرا کی تعیناتی کے 31 اگست کے نوٹیفیکیشن کو واپس لے لیا تھا، تاہم 13 جون کو انہیں برطرف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا۔
مشتاق سکھیرا نے برطرفی کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس پر ہائی کورٹ نے 14 جون کو مشتاق سکھیرا کی برطرفی کے حکم پر اسٹے آرڈر جاری کیا تھا ۔
واضح رہے کہ مشتاق احمد سکھیرا 2017 سے وفاقی ٹیکس محتسب تعینات تھے، وہ اس سے پہلے آئی جی پنجاب بھی رہ چکے ہیں اور 3 عشرے تک پنجاب پولیس میں اپنی خدمات انجام دینے کے بعد اپریل 2017 میں ریٹائر ہوگئے تھے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد مسلم لیگ نون کی حکومت نے انہیں وفاقی ٹیکس محتسب مقرر کیا تھا۔